• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خونخوار یونی کورن گھوڑوں پر کتاب،برطانوی ادیبہ کا’دس لاکھ پاؤنڈ‘ کا معاہدہ طے

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ایک28سالہ برطانوی ادیبہ نے اشاعتی ادارے کے ساتھ خونخوار یونی کورن گھوڑوں کے بارے میں کتاب لکھنے پر ’ایک ملین پاؤنڈ‘ کا معاہدہ طے کیا ہے۔اس مصنفہ کا نام اینابل اسٹیڈمین ہے اور وہ اے ایف اسٹیڈمین کے نام سے لکھتی ہیں۔ ان کی تین کتابوں کی سیریز ’سکندر اور یونی کورن چور‘ پر تین پبلشروں کے درمیان بولی لگی۔(یاد رہے کہ یونی کورن گھوڑے کی طرح کا افسانوی جانور ہے جس کے ماتھے پر سینگ ہوتا ہے اور یہ انڈوں سے نکلتا ہے۔ اسے عام طور پر نیک دلی کی علامت سمجھا جاتا ہے)۔خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ معاوضہ بچوں کے لیے لکھنے والے کسی بھی ادیب کو ملنے والا سب سے بڑا معاوضہ ہے۔ مزید یہ کہ اس سیریز کے حقوق سونی پکچرز نے خرید لیے ہیں۔ اسٹیڈمین کی یہ سیریز ایک ایسی دنیا پر مبنی ہے جہاں یونی کورن مہلک ہیں اور انہیں صرف وہی شخص سدھا سکتا ہے جس نے ان کے انڈے توڑ کر اسے باہر نکالا ہو۔اسٹیڈمین کی کہانی سکندرا سمتھ نامی کردار کے گرد گھومتی ہے۔ وہ یونی کورن سوار بننے کی تربیت لے رہا ہوتا ہے کہ اسی دوران دنیا کا سب سے طاقتور یونی کورن چوری ہو جاتا ہے۔سیریز کی ابتدا میں سٹیڈمین لکھتی ہیں: ’یونیکورن پریوں کی کہانیوں کی نہیں، ڈراؤنے خوابوں کی مخلوق ہیں۔‘کتابوں کی اشاعت کی یہ جنگ سائمن اینڈ شوسٹر نے جیتی ہے۔ اس ادارے کے پبلشنگ ڈائریکٹر علی ڈگلس نے کہا کہ ’اس سیریز میں فوری اور کھولتا ہوا جوش و جذبہ ہے، جو میں نے پہلے کبھی نہیں محسوس کیا۔‘سٹیڈمین نے گارڈین اخبار کو بتایا کہ جب انہوں نے اس ڈیل کی خبر سنی تو وہ اپنے بیڈ پر ڈھیر ہو گئیں۔ انہوں نے کہا، ’اس کے بعد میں ہوش و حواس سے بےگانہ ہو گئی۔ میں نے سوچا، یہ حقیقت نہیں ہے، حقیقت ہو ہی نہیں سکتی۔‘سٹیڈمین نے ’یونیکورن کا چور‘ کا اصل خیال 2013 میں لکھا تھا مگر پھر وہ اسے طاق پر دھر کر وکالت کی تعلیم میں مصروف ہو گئیں۔
تازہ ترین