• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موبائل فونز حشرات الارض کے خاتمے کا باعث بن رہے ہیں ؟

برلن(نیوزڈیسک/ اے ایف پی) موبائل فونز سے خارج ہونے والی تابکاری ممکنہ طور پر حشرات الارض (کیڑوں مکوڑوں) کے خاتمے کا باعث بن رہی ہے، تابکاری کے باعث جینیاتی مادوں کے ساتھ لارووں کی صحت پر منفی اثر پڑتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی میں کی گئی ایک تحقیق میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یورپ میں حالیہ برسوں کے دوران کیڑوں کی تعداد میں اچانک اور غیریقینی کمی کی وجہ موبائل فونز سے خارج ہونے والی تابکاری ہوسکتی ہے۔تحقیق کے مطابق بڑی تعداد میں قدرتی مسکن تباہ ہونے سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ برقی مقناطیسی تابکاری کیڑوں کی دنیا پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے۔تحقیق کے دوران اس حوالے سے کی گئی متعدد سائنسی تحقیقات کے تجزیے میں یہ بات سامنے آئی کہ ان تحقیقات میں بھی تابکاری کو شہد کی مکھیوں، بِھڑوں اور دیگر مکھیوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق تابکاری کے منفی اثرات کے باعث ان جانداروں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے (نیوی گیشن) کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور ان کے جینیاتی مادوں کے ساتھ لارووں کی صحت پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔تحقیق کے مطابق موبائل فون اور وائی فائی سے خارج ہونے والی تابکاری سے کیڑوں کے خلیات زیادہ کیلشیم آئن جذب کرنا شروع ہوجاتے ہیں جس سے ان میں بائیو کیمیکل ری ایکشن شروع ہوجاتا ہے جس کے باعث ان کا مدافعتی نظام اور سرکیڈین (جسم کے جاگنے، سونے کا اندرونی نظام) سسٹم متاثر ہوتا ہے۔
تازہ ترین