• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے روڈ میپ دے، صابر گل

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے سابق صدر صابر گل نے دورہ وٹفورڈ کےدوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کےاجلاس کےموقع پر کشمیر کے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے ایجنڈے میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو روڈ میپ کے ساتھ مشروط کریں ۔ اقوام متحدہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کےلئے ایک روڈ میپ دے، وہ اگلے سال اکتوبر تک مسئلہ کشمیر حق خودارادیت کی بنیاد پر حل کریں، جس کا وعدہ دونوں ممالک نے 1947 میں کشمیری عوام کے ساتھ کیا تھا، صابر گل نے کہا اگر بھارت مسئلہ کشمیر روڈ میپ کو تسلیم نہیں کر تا تو پھر اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے بھارت کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ یو این سیکورٹی کونسل میں اٹھایا جائے ۔صابر گل نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنی تجاویز دیتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے کے وہ کشمیر کی جنگ بندی لائن پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے بجائے اقوام متحدہ کی امن فوج تعینات کی جائے اور جنگ بندی لائن سے دونوں ممالک کی افواج کو پیچھے ہٹایا جا ئے۔ انہوں نے کہا کشمیر میں بھارتی فوج کی تعداد 9 لاکھ سے زائد ہے۔ اس کے مقابلے میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ سے درخواست کریں مسئلہ کشمیر حل ہونے تک کشمیر کے دونوں اطراف عوام کو آپس میں ملنے دیا جائے ۔ راستے کھول دیئے جائیں ۔ ریاست کے دونوں اطراف آمدورفت، تجارت عام کی جائے ۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے سابق صدر صابر گل نے کہا وقت کا تقاضا ہے پاکستان بھارت کی طرح شملہ معاہدہ 8کی منسوخی کا اعلان کرے ۔ بھارت اس معاہدے کوپاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔ بھارت شملہ معاہدہ کو بنیاد بنا کر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے دوطرفہ مسئلہ قرار دیتا رہا ہے ۔ اب بھارت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے سے آوٹ آف لسٹ کرنے کی کوشش کی مگر پاکستان کی بروقت مداخلت سے بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ۔ صابر گل نے کہا کہ امریکہ طالبان مذاکرات کی طرح مسلہ کشمیر پر بھی سہ فریقی مذاکرات کی کوششیں کی جائے ۔ 
تازہ ترین