• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل افراداناڑی حکمرانوں کا ہراول دستہ ہیں ، الطاف شاہد

لندن(پ ر )پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکام اناڑی حکمرانوں کاہراول دستہ ہیں،انہیں حکمرانوں کاحق نمک اداکرنے کے سواکوئی کام نہیں۔سندھ کے لوگ بدانتظامی کی آگ میں جل ر ہے ہیں،حکمرانوں میں دوررس اصلاحات کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔تبدیلی سرکار نے وفاقی جبکہ جیالی سرکار نے سندھ کے صوبائی اداروں کوتباہ کردیا۔جہاںوفاقی اورسندھ کے صوبائی وزراء اپنے اپنے حامی ارکان اسمبلی کی نہیں سنتے وہاں عام لوگ کس کھیت کی مولی ہیں ،ان بیچاروں کی کون سنے گا ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہدنے مزید کہا کہ اناڑی ٹولے نے اقتدار کی باگ ڈورسنبھال لی جبکہ بری شہرت کے حامل اورمہارت سے محروم آفیسراہم عہدوں پربراجمان ہیں۔معاشرے کے ہرطبقہ کودبائوکاسامنا ہے ،شہریوں کاسکون چھن گیا ۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارکے تجربات نے اداروں کی ساکھ کوراکھ کاڈھیربنادیا۔اگر ملک میں جمہوریت ہے توپھر حکمران آمر وں کی طرح فیصلے کیوں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی اورجیالی سرکار وضاحت کرے شہرقائدؒ سمیت سندھ کی حالت زارابھی تک کیوں نہیں بدلی ۔جس شہرمیں بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ اورمادرملت فاطمہ جناح ؒ آسودہ خاک ہیں ،اس شہرکی یہ حالت زار حکمرانوں کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کامقام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماراچیلنج ہے کراچی کی باگ ڈورہمارے قائداوراس شہرکے معمارسیّد مصطفی کمال کے ہاتھوں میں دے دی جائے وہ قلیل مدت میں اس کی کایا پلٹ دیں گے۔انتھک اورزیرک سیّد مصطفی کمال کے تجربات ،مشاہدات اوران کی انتظامی صلاحیت سے فائدہ اٹھایاجائے۔ 
تازہ ترین