• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ، اسکروٹنی رپورٹ نامکمل قرار


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات میں الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو نامکمل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو نامکمل قرار دیتے ہوئے چھ ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی حکم نامے میں کہا کہ تکلیف دہ ہے کہ 29 ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی ٹھوس رائے نہیں دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں حکم نامہ جاری کردیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ا سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہے نہ ہی اس میں تمام ضروری تفصیلات شامل کی گئیں، دونوں فریقین، اسٹیٹ بینک کی دستاویزات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی ذمہ داری تھی کہ وہ دستاویزات  کی صداقت، قابل اعتبار ہونے اور ساکھ کی جانچ پڑتال کرے اور ایسا کرنے کیلئے اس کے پاس متعلقہ فورمز اور ذرائع تک رسائی کا اختیار حاصل  تھا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ اس حوالے سے کمیٹی کی جانب سے درست طریقہ کار  اختیار کیا گیا نہ ہی کوئی نتیجہ ہی اخذ ہوا، انتہائی تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل نہیں کیا۔ 29 ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کوئی ٹھوس رائے نہیں دی گئی۔


الیکشن کمیشن نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کا معاملہ واپس اسکروٹنی کمیٹی کے سپرد کرتے ہیں، کمیٹی چھ ہفتوں میں جامع اور تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، الیکشن کمیشن نے حکم نامے میں لکھا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی کو ثبوتوں کی جانچ پڑتال کرنی تھی وہ اس میں ناکام رہی، جبکہ اسکروٹنی کمیٹی کی سرزنش بھی کی گئی۔

13 اگست کے بعد اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 21 ستمبر کو ہوا، اب آئندہ اجلاس 24 ستمبر کو ہوگا۔

تازہ ترین