• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن، بھارت کا ایجنڈا ایک، ادارے آئینی حدود میں کام کررہے ہیں، تنقید غیرمنطقی، عمران خان

ادارے آئینی حدود میں کام کررہے ہیں، تنقید غیرمنطقی، عمران خان


اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت اور اداروں کے خلاف بیان بازی بھارتی لابی کو خوش کرنے کی کوشش تھی‘حزب اختلاف اورہندوستان کا ایجنڈا ایک ہے ‘ملکی ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کررہے ہیں‘ان پر تنقید غیرمنطقی ہے ‘ہم ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے ۔ پیر کووزیراعظم کی صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے سے کسی کو پریشانی نہیں‘ اے پی سی میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے۔عمران خان نے ہدایت کی کہ اے پی سی کے فیصلوں کا مدلل اور منطق کے ساتھ دفاع کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی اداروں پر تنقید غیر منطقی اور اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کی قرارداد پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو اس حوالے سے ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہناتھاکہ پہلے ہی بتا دیا تھا یہ سارے اپنے مفادات کی خاطر اکٹھے ہوجائیں گے‘اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی‘بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کے خلاف سرگرم عمل ہے، بھارت پاکستانی اداروں اور ملک میں عدم استحکام سمیت جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل دنیا کی توجہ کشمیرسے ہٹانا چاہتا ہے۔

اقوام متحدہ اجلاس سے پہلے پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے، (ن) لیگ نے بھی ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا، اور ایک بار پھرلندن میں بیٹھا مفرور شخص ملکی اداروں کو بدنام کر رہا ہے، نواز شریف کی تقریر اور ٹائمز آف انڈیا میں چھپی خبر ایک ایجنڈے کی عکاس ہے، ان کی تقریر کے بعد پاکستانی اداروں کے خلاف بھارتی میڈیا زہر اگل رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہے، ملک پر جب بھی کوئی آفت آئی فوج نے اپنی قوم کا ساتھ دیا،فوج قوم کے ساتھ ہم آواز ہوکر ملک کی خدمت کر رہی ہے، لیبیا،عراق ،شام جیسے ممالک کمزورفوج کے باعث تباہ ہوئے، ہم ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے، اور عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثناءوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ادارے ایک پیج پر اور ملک کے اتحاد کی ضمانت ہیں ، پوری قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔پیر کو وزیراعظم سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال اورگزشتہ روز ہونے والی اے پی سی پر بھی گفتگو کی گئی ۔ 

وزیراعظم نے کہاکہ قومی ادارے قابل احترام ہیں۔بابر اعوان نے کہاکہ نواز شریف کی تقریر مجھے کیوں نکالا کا پارٹ ٹو تھی،تقریر کے ذریعے ان کی اصلیت پوری قوم کے سامنے آئی۔

تازہ ترین