• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک پر جمہوریت کی چھتری تلے بدترین آمریت مسلط ہے،مولانا شیرانی

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علمااسلام پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان حضرت مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ ملک پر جمہوریت کے چھتری تلے بدترین آمریت مسلط ہے سیاسی قیادت ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد اور ملک کی بقا کو مقدم رکھ کر جدوجہد کرے تو کوئی قوت اس کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی ۔جمہوریت کے استحکام کیلئے مقتدر قوتوں کی مداخلت کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے اندر دوغلی پالیسیوں کاخاتمہ بھی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہ ضلع زیارت میں منعقدہ نوید سحر کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس سے جمعیت علمااسلام کے دیگر صوبائی رہنماؤں سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمد آخوندزادہ حاجی عبدالصادق نورزئی سید خالق شاہ حاجی امین اللہ امین حاجی سنگین خان کاسی مولانا محمد عمر آغااور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مولانا شیرانی نے کہاکہ معاشرے سے لے کر مملکت تک سدھار تب ممکن ہے جب انسان خود احتسابی اور سچائی سے کام لے اپنے عیوب کو چھپانا اور دوسروں کے عیوب کو افشا کرنا دنیا کے ہر مذہب اور ہر قانون کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے صحیح تصور کی بجائے دنیا کی نظر میں اسلام اور مسلمان کو دہشت اور دہشت گرد کے طور پر پیش کرنادرست نہیں دنیا ۔ اسلام کے صحیح اور حقیقی تصور کو اجاگر کرنے کیلئے علما کو بہتر اور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ 
تازہ ترین