• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروفیسر عطاء الرحمٰن کیلئے ایک اور بین الاقوامی اعزاز کا اعلان

پاکستان کے معروف سائنسدان، پروفیسر اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عطاءالرحمٰن کی سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی خدمات کو بین الاقوامی سطح پر سراہنے کے لیے بین الاقوامی جرنل ”مالیکیولز“ نے خصوصی شمارہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس جرنل کی اشاعت معروف بین الاقوامی پبلشر ایم ڈی پی آئی کے تحت ہوتی ہے، اس جرنل سے دنیا کے اہم ممالک کی سائنس سوسائٹیز منسلک ہیں جن میں انٹر نیشنل سوسائٹی آف نیوکلیوسائیڈز، نیوکلیوٹائیڈز اینڈنیوکلیئک ایسڈ، اسپینش سوسائٹی آف میڈیسنل کیمسٹری، اور انٹر نیشنل سوسائٹی آف ہیٹروسائکلک کیمسٹری شامل ہیں، اس شمارے میں پروفیسر عطاالرحمٰن کی گراں قدر خدمات کو اُجاگر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پروفیسر عطاءالرحمٰن نے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کی حیثیت سے اسلامی دنیا کے چالیس ممالک میں ہزاروں نوجوان سائنسدانوں کی معاونت کی اور ان کی اصلاحیتوں میں  اضافے کے لیے کئی اقدامات کئے۔

 پاکستان میں وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کی حیثیت سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد ڈالی اور اس طرح شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں انٹرنیٹ کی سہولت عام کی۔

انہوں نے پاکستان کا پہلا سیٹلائیٹ پاک سیٹ ون خلا میں بھیجنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

اس کے ساتھ موبائل فون انڈسٹری میں بھی اہم تبدیلیاں ان ہی کی نگرانی میں آئیں، سال2000ء میں جہاں موبائل فون کی تعداد صرف تین لاکھ تھی اب وہ 160 ملین تک پہنچ چکی ہے۔

بحیثیت بانی سربراہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان انہوں نے2002ء سے 2008ء کے درمیان ملکی کی اعلیٰ تعلیمی شعبے میں نمایاں تبدیلیاں رونما کی اور پاکستان نے تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت میں بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ اب پروفیسرعطاء الرحمٰن وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئر مین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شریک سربراہ ہیں۔


پروفیسر عطاء الرحمٰن کی نامیاتی کیمیاء کے موضوع پر 1232 سے زیادہ بین الاقوامی تحقیقی اشاعتیں، 346 کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 771 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں۔

پروفیسر عطاء الرحمٰن کے نام پر 45 پیٹنٹ بھی ہیں، ان کی زیرِ نگرانی متعدد طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔ 

پروفیسر عطاء الرحمٰن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیرِ اعلیٰ ہیں جبکہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔ 

پروفیسر عطاء الرحمٰن کو نہ صرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین