• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمیزون پر نسل پرستانہ نعرے والی کیپس کی فروخت پر بیرسٹر کی تنقید

لندن (پی اے) ایک بیرسٹر نے ایمیزون پر بلیک لائیوز ڈونٹ میٹرز کے سلوگن والی کیپس کی فروخت پر تنقید کی ہے جو شاندار اور اچھے تحفے کے طور پر مارکیٹ کی گئیں۔ ایسیکس سے تعلق رکھنے والی بیرسٹر الیگزینڈرا ولسن نے کہا کہ ایمانداری کی بات ہے کہ یہ کمپنی کیلئے انتہائی شرمناک ہے کہ کمپنی یہ ٹوپیاں فروخت کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آیا اس جگہ پر کوئی چیک موجود ہے یا نہیں۔ اس کے بعد ایمیزون نے ان کیپس کی فروخت بند کر دی جو تیسری پارٹی کے ذریعے فروخت کی جارہی تھیں۔ گزشتہ ہفتے ریٹیلر کو ٹی شرٹس فروخت کرنے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جو لٹس میک ڈائون سنڈروم انسٹنکٹ کے نعرے کے ساتھ فروخت کی جا رہی تھیں۔ 25 سالہ ولسن پہلے نسل پرستانہ ابیوز کا نشانہ بن چکی ہیں۔ انکا کہنا تھا یہ انتہائی مایوس کن بات ہے کہ ان کیپس کو ہٹانے میں کچھ وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہیں کہ اس چیز کو دوبارہ کبھی فروخت نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد افراد نے اس کی اطلاع دی تھی اور نسل پرستانہ مواد کو فوری طور پر ریموو کیا جانا چاہیے۔ ایمیزون جیسی ویب سائٹس کو یقینی طور پر ان کی وضاحت اور تصاویر دونوں کیلئے بہتر جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ اس کیپ کی قیمت 12.96 پونڈ تھی اور فروخت کرنےوالے نے اسے انوکھے اور فیشن ایبل ڈیزا ئن کے ساتھ اعلیٰ معیار کے طور پر بیان کیا تھا، جو آنکھوں کیلئے پرکشش ہے۔ اس نے کہا کہ ٹوپی کی خوبصورت شکل اسے فیملی اور دوستوں کیلئے اچھا تحفہ بناتی ہے۔ ایمیزون نے ایک بیان میں کہا کہ تمام فروخت کنندگان کو لازمی طور پر ہمارے فروخت کی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا چاہئے اور جو لوگ ان پر عمل نہیں کریں گے تو ان کے اکائونٹ کو ممکنہ ریموول سمیت دیگر ایکشن کا سامنا کرنا پڑے گا اور جس پروڈکٹ پر اعتراض ہوگا وہ فروخت کیلئے دستیاب نہیں ہوگی۔
تازہ ترین