• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی دو! شہری شدید گرمی میں10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے بلبلا اٹھے

شہری شدید گرمی میں10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے بلبلا اٹھے


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں یومیہ 3سے 4بار ایک سے ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آسکی،شہری شدید گرمی میں 10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے بلبلا اٹھے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے.

دوسری جانب کے الیکٹرک کاکہناہےکہ گیس سپلائی میں کمی کے باعث گھریلو و صنعتی صارفین کو اضافی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔تفصیلات کےمطابق گزشتہ 10روز سےبجلی کی دن رات لوڈشیڈنگ سے شہری شدید پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ رات کو بھی لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے جو کسی عذاب سے کم نہیں ہے.

رات تین بجے بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے جس سے صبح نماز فجر پڑھنے والوں کو نیند پوری نہ ہونے کے باعث مشکل ہوتی ہے جبکہ صبح دفاتر ،تعلیمی اداروں میں جانے اور کاروبار کرنے والوں کا سارا دن متاثر رہتا ہے.

فیڈرل بی ایریا، ملیر،ماڈل کالونی،لانڈھی، کورنگی، گڈاپ اور بن قاسم ٹائون کے گوٹھ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، نیو کراچی، نارتھ کراچی، اورنگی ٹائون،منگھو پیر،سائٹ میٹروول، شیرشاہ، ماڑی پور، ہاکس بے، کیماڑی، شیریں جناح کالونی، لیاقت آباد، لائنز ایریا ، گارڈن ویسٹ عثمان آباد، غازی نگراور حسن لشکری ویلیج سمیت شہر کے متعدد علاقوں سے لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند رہنے کی اطلاعات ملیں.

صارفین کا کہنا تھا کہ مکمل بل ادا کرنے کے باوجود اگر انہیں لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں ملنی تو بہتر ہوگا کہ رات بارہ بجے سے صبح تک لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ وہ نیند پوری کرسکیں۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ گیس سپلائی میں کمی کے باعث شہر کے تمام گھریلوا ور صنعتی صارفین کو اضافی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ مشکل صورتحال کافوری حل تلاش کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے،گیس پریشر میں کمی کے باعث بجلی کی فراہمی میں تقریباً 400 میگا واٹ کی قلت پیدا ہوگئی ہے.

کے ا لیکٹرک ترجمان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث فی الوقت پاور یوٹیلیٹی کو بجلی کی پیداوار میں مشکلات کا سامنا ہےگیس کی مطلوبہ مقدار مکمل طور پر دستیاب ہے تاہم گیس پریشر میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔

تازہ ترین