• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت، دو جوان شہید، پاک فوج کا بھرپور جواب

لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت، دو جوان شہید


اسلام آباد، مظفرآباد (پرویز شوکت،وقائع نگار،این این آئی)بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دیوا سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو شدید جانی اور مالی نقصان پہنچا۔  

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے بلاشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 29 سالہ سپاہی نورالحسن اور25 سالہ وسیم علی شہید ہوگئے۔ 

2020 میں بھارتی فوج کی طرف سے اب تک 2333 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں گئیں جس میں آزاد کشمیر کے شہریوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچاچکا ہے۔

دریں اثناء آزاد کشمیر صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی اور فائرنگ کے نتیجہ میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اظہار کرتے ہوئے اسے بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ 

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی اس کارروائی کو مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کی ناپاک سازشوں سے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ 

صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو اپنی جان کی قربانی دینے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین