• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 ویں ترمیم کیخلاف دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، این این آئی)سپریم کورٹ نے آئین میں 25ویں ترمیم کیخلاف دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے وفاق اور کے پی حکومت، قبائلی اضلاع کے ایم این ایز اور سینیٹرز کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل کو بھی معاونت کرنے کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔ 

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں ہم گھڑی کو واپس پیچھے کریں،یہ بڑا دلچسپ کیس ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل بنچ نے بدھ کے روز ترمیم کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا کا غیر آئینی طریقے سے انضمام کیا گیا، آئین کے آرٹیکل 247ـ6 کی خلاف ورزی کی گئی،قانون کے مطابق قبائلی علاقوں میں کوئی بھی تبدیلی کرنے سے پہلے وہاں کے جرگے سے مشاورت ضروری تھی۔ 

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا آپ چاہتے ہیں کہ قبائلی علاقے میں تبدیلی سے پہلے جرگہ فیصلہ کرے،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جی قانون بھی یہی کہتا ہے، ہم نے جرگے میں موجودہ ایم این اے اور ایم ایل اے بھی شامل کیے ہیں،جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہم نوٹس جاری کر رہے ہیں اس سے متعلق حکومت سے پوچھیں گے جس کیے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین