• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ کی کارروائی ‘ 250کلو ناقابل تحلیل شاپنگ بیگز ضبط

پشاور( وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ نے پشاور بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران کارخانو مارکیٹ حیات آباد میں سے 250کلو پولی تھین پلاسٹک بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا جبکہ قصہ خوانی بازار سے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر بیشتر نانبائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے کارخانو مارکیٹ میں دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے پلاسٹک پولی تھین بیگز کی موجودگی پر تین دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے 250کلو پولی تھین پلاسٹ بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد شفیق آفریدی نے قصہ خوانی بازار میں نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا معائنہ کرتے ہوئے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر پانچ نانبائیوں کو گرفتار کر لیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کا استعمال نہ کریں۔بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔
تازہ ترین