کراچی(اسٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)کراچی میں لوڈشیڈنگ کا جن کب قابو میں آئے گا،بے بس شہریوں کا متعلقہ حکام سے سوال،شدید گرمی میں بجلی کی رات دن بندش نے انہیں بے حال کردیا۔
دن اور رات کے زیادہ وقت بجلی فراہم نہ کئے جانے کے باوجود شہری بھاری بھرکم بل بھرنے پر مجبور ہیں اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور اس عذاب سے نجات کیلئے حکومت اور سپریم کورٹ کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں لیکن انہیں کہیں سے اس تکلیف کا مداواہوتا دکھائی نہیں دے رہا اور وہ سوال کررہے ہیں کہ اس عذاب سے نجات کون دلائے گا۔
اسٹاف رپورٹر کے مطابق کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی اب رات بھر غائب رہتی ہے گرمی کے باعث لوگ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں، ملیر، کورنگی، لانڈھی، شاہ لطیف ٹائون، نیوکراچی، لیاقت آباد،فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اسکیم 33، گارڈن ایسٹ، دھوبی گھاٹ، کھارادر، لیاری، کیماڑی اور کلفٹن سمیت دیگر علاقوں سے دن اور رات ایک سے دو گھنٹے تین اور چار بار بجلی بند رہنے کی اطلاعات ملیں، کئی مضافاتی علاقوں میں پوری رات بجلی نہ ہونے کی شکایات بھی ملیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دن میں بھی کئی بار بجلی بند رہتی ہے اور پھر رات کو بھی لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے، دو ہفتے ہوگئے لیکن لوڈشیڈنگ میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔