• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: چوہدری ظہور الٰہی شہید کی برسی پر محفل قرآن خوانی

پاکستان مسلم لیگ (ق) اسپین کے زیر اہتمام مسجد فیضان مدینہ بادالونا میں چوہدری ظہور الٰہی شہید کی انتالیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ برسی پر محفل قرآن خوانی اور ختم شریف پڑھا گیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) اسپین کے کوآرڈینیٹر حاجی نوید وڑائچ، سیکریٹری  انفارمیشن چوہدری صفدر اقبال وڑائچ، سماجی کارکن چوہدری اشفاق باغانوالہ، نسیم اکرم وڑائچ، خلیل گجر، طاہر رفیع، راجو الیگزینڈر، واصف نذیر بجاڑ، عدنان دھوتھڑ، چوہدری ارشد بوگا اور دوسرے احباب نے برسی کے انتظامات میں مسلم لیگ قاف کے کوآرڈینیٹر کا ہاتھ بٹایا اور کہا کہ سیاسی اعتبار سے چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی اور اُن کا خاندان کسی تعارف کے محتاج نہیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سیاسی نظریات کسی بھی پارٹی کے ساتھ رکھتے ہوئے ایسے موقع پر ایک ہو جانا چاہئے کیونکہ چوہدری برادران کی سیاست ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا درس دیتی ہے اور ویسے بھی دیار غیر میں ہمیں اتفاق و اتحاد سے رہنا چاہئے۔

اس موقع پر سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، ایم این اے حسین الٰہی اور سابق ضلعی ناظم گجرات چوہدری شفاعت حسین نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتنی دور رہتے ہوئے بھی آپ نے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اُن کے حق میں دعا کی اور قرآن خوانی کی محفل کا اہتمام کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے اسپین میں مقیم تمام پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

محفل میں تلاوت کلام پاک اور نعتیہ اشعار کی سعادت قدیر احمد خاں نے حاصل کی۔ قرآن خوانی کی اس محفل میں مسلم لیگ (ن) اسپین کے صدر حاجی اسد حسین، تحریک انصاف اسپین کے صدر شہزاد بھٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔

تازہ ترین