• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کی ملاقات

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر خان نے ملاقات کی ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں سیاسی افہام و تفہیم کی فضا کے فروغ کی ضرورت ہے، ایک مستحکم پاکستان تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کشمیری عوام کے لیے باعثِ تقویت ہے، کشمیری عوام کے لیے بلوچستان کے عوام کی حمایت اور جذبۂ خیر سگالی پر مشکور ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبا نہیں سکتا، عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر پر بھرپور مؤقف اپنایا ہے۔


انہوں نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو بتایا کہ بلوچستان میں ماضی کے مقابلے حالات بہت بہتر ہیں اور صوبہ ترقی کر رہا ہے۔

ملاقات میں بلوچستان میں آباد کشمیری عوام کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ اور صوبے کے دیگر شہروں میں آباد کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کریں گے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

تازہ ترین