• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملی یکجہتی کونسل کا مشاورتی اجلاس ،متعدد قراردادیںمنظور

لاہور ( نمائندہ خصوصی ،وقائع نگار خصوصی)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا مرکزی مشاورتی اجلاس متحدہ جمعیت اہل حدیث کی میزبانی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی۔ اجلاس میں علامہ عارف حسین واحدی ،سید ضیاءاللہ شاہ بخاری ، پیر غلام رسول اویسی ، مولانا ملک عبدالرو ف ، مرزا ایوب بیگ ، سید ثاقب اکبر ،سید نثار علی ترمذی البصیرہ ،مولانا جعفر علی میر اور ودیگر اہم راہنماؤں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ تمام قائدین نے زور دیا کہ اسلام ، مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کا بمقابلہ اتحاد و اتفاق سے کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس کی نظامت کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔ اجلاس کے آخر میں قرارداد یں منظور کی گئیں کہ ہم 31اکابر 22نکات، قرارداد مقاصد، آئین کی اسلامی دفعات، ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق، پیغام پاکستان پرمتحد ہیں ۔ ہم تمام اسلامیان پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دستاویزات پر کاربند رہیں ۔ ہم عقیدہ توحید، تمام انبیاءو رسل کی رسالت پر ایمان اور آنحضرت کی ختم نبوت پر ایمان، قرآن کے غیر محرف آخری کتاب ہونے پر ایمان اور عقیدہ معاد پر متفق و متحد ہیں۔ ہم آنحضرت کے اہل بیت اطہار، صحابہ کرام اور امہات المومنین کے احترام پر متفق و متحد ہیں ۔ امریکہ، اسرائیل اور بھارت جو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں انھیں پاکستان کی جوہری اور اسلامی حیثیت بہت کھٹکتی ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم کشمیر کی تحریک حریت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کی آزادی اور پاکستان سے اس کے الحاق کے سوا اس کا کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ ۔اجلاس میں پیر حضرت حمیدالدین سیالوی کی رحلت پر تعزیت پیش کی گئی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔
تازہ ترین