• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، پبلک پارکس کی بحالی پر تیزی سے کام کا آغاز

حکومت سندھ کی ہدایات کے بعد شہر قائد میں ایڈمنسٹریٹرز کی زیر نگرانی پبلک پارکس کی بحالی کا تیزی سے آغاز کردیا گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں پبلک پارکس کی بحالی، شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس اور اہم عمارتوں پر خوبصورت لائٹس کی تنصیب پر شہریوں نے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت شہر کراچی کا تشخص بحال کرنے کا عزم رکھتی ہے، مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کے گلی محلوں، بازاروں، تجارتی مراکز اور سڑکوں کو صاف ستھرا رکھنے میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقوں، بفرزون، کے ڈی اے چورنگی، ناگن چورنگی، فائیو اسٹار، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، ایف سی ایریا اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی محمد بخش دھاریجو نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو بریفنگ دی اور ضلع میں جاری کاموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کو صاف ستھرا رکھنا اور اس کے تشخص کو بحال کرنا ہماری زمہ داری ہے جس کے لیے سندھ حکومت کی ہدایت پر ہمارے ایڈمنسٹریٹرز کام کررہے ہیں۔

شہر کے تمام اضلاع میں پبلک پارکس کی بحالی، پارکس میں صفائی ستھرائی، پودے لگانے اور ان کی نگہداشت کی جارہی ہے، بلدیاتی عملہ پارکس میں اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ شہر کی اہم عمارتوں سمیت اہم شاہراؤں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کافی عرصے سے خراب پڑے ہونے کی شکایات تھیں انہیں درست کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم عملی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں شہر کو صاف ستھرا رکھنا، کچرے کو مناسب اور مقررہ جگہ پر ٹھکانے لگانا تنہا کسی بھی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، اس کے لیے شہریوں کو اپنی حکومت کے شانہ بشانہ ہوکر کام کرنا ہوگا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے، یہ شہر ملکی معیشت کں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، بدقسمتی سے ستر فیصد ریونیو پیدا کرنے والے شہر کو وفاقی حکومت کی جانب سے نظر انداز کیا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ  کراچی کے شہری وفاقی حکومت کے ایک سو باسٹھ ارب روپے کے اعلان کردہ پیکج کے منتظر ہیں، نجانے پی ٹی آئی حکومت اپنے اس اعلان کو کب عملی جامہ پہنائے گی۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کو شہر کی تعمیر و ترقی میں دو قدم آگے آنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی پیکج کا اعلان خوش آئند ہے تاہم اس شہر کو وفاق کی طرف سے ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اقصیٰ پارک یو سی چار ڈی ایم سی کورنگی اور یوسی چوبیس ڈی ایم سی کورنگی میں واقع پبلک پارک، ایمپریس مارکیٹ، جہانگیر پارک اور باغ جناح میں خوبصورت لائٹس کی تنصیب پر مشتمل تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیں۔

تازہ ترین