کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘ کے کھڑکی توڑ رش نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جس کے نتیجے میں آرٹس کونسل کا حوصلہ مزید بڑھ گیا ہے ۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول “ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیسٹیول کو شہریوں کی جانب سے جتنی پذیرائی ملی ہے وہ پہلے کسی تھیٹر فیسٹیول کو نہیں ملی ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کی گونج ہر جانب ہے ، اعلان کرتا ہوں کہ یہ تمام فنکار و ہدایت کار جب چاہیں دوبارہ تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد کرسکتے ہیں۔
18 روزہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کے ہدایتکاروں اور فنکاروں کو ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے آرٹس کونسل کی جانب سے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
تقریب میں تھیٹر فیسٹیول کے ہدایتکاروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آرٹس کونسل اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزاحیہ اداکار و ہدایت کار رَؤف لالہ نے کہا کہ ہم فنکاروں کا لاک ڈاؤن کے دوران جو نقصان ہوا تھا اس کا ازالہ اس فیسٹیول کے ذریعے ہوگیا ہے ۔
فنکار و ہدایت کار بہت خوش ہیں کہ چار ماہ بعد ان کو کام کرنے کا موقع ملا، تمام فنکار آرٹس کونسل کے شکر گزار ہیں ۔
عوامی تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے آخر میں معروف ہدایتکار ذاکر مستانہ کا تھیٹر ’یہی سچ ہے‘ پیش کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں عوام اہلِ خانہ کے ہمراہ شریک ہوئی۔