• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمان نے حق کی آواز بلند کرکے صحافت کی لاج رکھ لی، مقررین

میر شکیل الرحمان نے حق کی آواز بلند کرکے صحافت کی لاج رکھ لی، مقررین 


کراچی ، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی (نمائندہ جنگ ، اسٹاف رپورٹر ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی ، لاہور ، پشاور او ر راولپنڈی سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پر صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں ، سیاسی رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں ، جنگ ، جیو ، دی نیوز اور آواز کے کارکنوں سمیت مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، مقررین نے میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کے حکومتی اقدام کو آزادی صحافت پر حملہ اور بدترین انتقام قرار دیا اور کہا ہے کہ میر شکیل الرحمان نے حکومتی ظلم و جبر کے سامنے جھکنے کی بجائے حق اور سچ کی آواز بلند کرکے نہ صرف تاریخ رقم کی بلکہ صحافت کی لاج رکھی ہے، میر شکیل الرحمان کی غیر قانونی گرفتاری اور ان کو پابند سلاسل کئے ہوئے214دن ہو چکے ہیں ،اس موقع پر جنگ کی پوری ٹیم کی جانب میر شکیل الرحمان کی والدہ اور ان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی،مقررین نے کہا میر شکیل الرحمان کی رہائی تک ہماری جنگ جاری رہے گی، دوسری جانبکراچی میں پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے سینئر رکن ڈاکٹر محمد اسماعیل نے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ گروپ واحد ادارہ ہے جو حق اور سچ کی بات کرتا ہے، میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے اور فوری رہا کیا جائے، اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو پیپلز پارٹی کے کارکن لاکھوں کی تعداد میں جنگ اور جیو کے کارکنوں کے ساتھ بھرپور احتجاج کریں گے۔ اس موقع پر سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، ریزیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نیا محاذ اشفاق وڑائچ، کراچی ایپنک کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف، دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر اسماعیل نے کہا کہ یہ ظلم اور بربریت نہیں تو اور کیا ہے کہ ایک شخص کو بغیر کسی جرم ثابت ہوئے مسلسل ساڑھے سات ماہ سے گرفتار کیا ہوا ہے۔ میری ملک کی اعلی عدلیہ اور ججز صاحبات سے درخواست ہے کہ معاملہ کو دیکھیں اور حق اور سچ کا ساتھ دیں۔ پاکستان کے عوام اب مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے اور اپنا حق حکومت سے چھین کر لیں گے۔ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ صحافت سے دشمنی ختم کرکے اداروں کو جینے کا حق دیا جائے، جنگ اور جیو نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ دریں اثناء سکھر میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالہ اسد پٹھان، ایف ای سی کے ممبر امداد بوزدار، آصف ظہیر لودھی، چوہدری محمد ارشاد، یاسر فاروقی کی قیادت سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، صحافیوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ و بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی سمیت ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، نیب گردی نامنظور، میڈیا پر قدغن نامنظور کی تحریریں درج تھیں۔ 

تازہ ترین