• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں بالخصوص اور کراچی سے لیکر پشاور تک بالعموم جس منظم ریاستی دہشت گردی میں مصروف ہے۔ یہ پہلے بھی کوئی راز نہیں تھا لیکن بلوچستان سے بھارت کے حاضر سروس نیوی آفسر کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر متعدد دوسرے بھارتی ایجنٹوں کو حراست میں لئے جانے کے بعد اس امر کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے کہ بھارت کے اس ناپاک کردار کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے اور عالمی برادری کو باور کرایا جائے کہ بھارت کس طرح پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے وطن عزیز کے خلاف ایک غیر اعلانیہ جنگ شروع کئے ہوئے ہے نیز اقوام متحدہ پر بھی زور دیا جائے کہ وہ بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی کو روکنے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے۔ پاکستان نے مختلف ممالک کے ذمہ داران کو بھارت کی ان مذموم کارروائیوں سے پہلے بھی آگاہ کیا ہے لیکن آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے بہ بانگ دہل یہ اعلان کرنے کے بعد کہ پاکستان کے حالات خراب کرنے کے پس پردہ بھارت کا ہاتھ کار فرما ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان بھی میدان میں اتر آیا ہے اور اس نے جمعہ کے روز عرب اور ایشیائی ممالک کے سفارت کاروں کو پاکستان میں بھارت کے مکروہ دھندے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ نئی دہلی کے حکمرانوں کو اسلام آباد کے خلاف ان حرکتوں سے روکنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ بھارت نے تو پٹھانکوٹ کا ڈرامہ سٹیج کر کے پاکستان کو خواہ مخواہ اس میں ملوث کرنے کیلئے پوی دنیا میں ڈھنڈورا پیٹ دیاتھا پاکستان تو واقعتاًبھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے اسے یہ مسئلہ پوری دنیا میں ہر سطح پر پوری قوت سے اٹھانا چاہئےاور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویداروں کی پاکستان دشمن پالیسیوں کو پوری دنیا پر آشکار کرنا چاہئے۔
تازہ ترین