• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جانے لگا


سفری ہدایات سے لاعلم دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جانے لگا۔

دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نئی سفری ہدایات پر قومی ائیرلائن، حکومت کو بروقت آگاہ کرنے میں ناکام رہا، نئی ٹریول ہدایات سے لا علم سیکڑوں پاکستانیوں نے دبئی کی پرواز لی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں 545 پاکستانیوں کو دبئی ایئرپورٹ پر روکا گیا، سفری ہدایات سے لاعلم ہونے کے باعث سیکڑوں پاکستانی دبئی ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔

ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی مسافروں کو دس پندرہ کا گروپ بنا کر واپس بھیجا جا رہا ہے، دبئی میں پاکستانی سفارتی حکام کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے، پیسے جوڑ جوڑ کر دبئی آئے تو یہاں سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی ٹریول ہدایات کے مطابق ویزے کے ساتھ دو ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کرا کر آئیں۔

سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ واپسی کی فلائٹس میں پہلے سے بکنگ ہوچکی ہوتی ہیں اس لیے سب کو ایک ساتھ وطن واپس نہیں بھیجا جاسکتا، 8-10 افراد ہی ایک فلائٹ میں واپس جاسکتے ہیں۔

مدد کے منتظر مسافروں کا کہنا ہے کہ پشاور سے آنے والی پرواز میں لگ بھگ پندرہ افراد ابھی واپس جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تقریباً 300 سے زائد پاکستانی شہری مختلف پروازوں کے ذریعے وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تاہم نئی ٹریول پالیسی پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے حکام نے انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا تھا۔

سیاحتی ویزے پر مزید 80 پاکستانی دبئی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئے ہیں اور یہ پاکستانی بھی نئی ٹریول شراط پر پورا نہیں اترتے۔

نئی ٹریول پالیسی کے مطابق متحدہ عرب امارات آنے والے افراد پر لازم ہے کہ وہ ہوٹل کی بکنگ ، ریٹرن ٹکٹ اور 2 ہزار درہم کی رقم اپنے ساتھ رکھیں ورنہ انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاکستانی قونصل خانے نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ ویزے کے ساتھ 2 ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کروا کر ہی یو اے ای آئیں۔

تازہ ترین