• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن حق و سچ کی آواز سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، مقررین

میر شکیل الرحمٰن حق و سچ کی آواز سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، مقررین 


کراچی / لاہور / راولپنڈی / ملتان (اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری کیخلاف جمعرات کےروز بھی کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، ملتان سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری رہے جس میں سینئر صحافیوں ، جنگ و جیو گروپ کے کارکنوں و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن سمیت سارا میڈیا جکڑ لینا کہاں کا انصاف ہے،میر شکیل الرحمٰن کی غیر آئینی اور بغیر کسی ثبوت گرفتاری کو 216دن گزر چکے لیکن میر شکیل الرحمٰن حق و سچ کی آواز سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ، میر شکیل الرحمن بیک وقت جمہوریت اور پوری میڈیا کمیونٹی کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اور اسی پاداش میں پابند سلاسل ہیں۔ ادھر کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ورکرز ویلفیئر ایسو سی ایشن سندھ محمد علی نے کہاکہ جیو اور جنگ حق اور سچ کی آواز ہے، میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہیں، جنگ اور جیو کے ساتھ کھڑے ہیں، میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے احتجاج کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر صدر جرنلسٹس اینڈ ہیومن ویلفیئر آرگنائزیشن ایم اکرم بھٹی، سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، سینئر وائس چیئرمین کراچی ایپنک رانا محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری دی نیوز ایمپلائز یونین دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ محمد اکرم بھٹی نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج کریں گے، سندھ کے دیگر شہروں سے بھی جلسے اور جلوس کا انعقاد کیا جائے گا، جنگ جیو پر لشکر کشی میڈیا کے بڑے اور چھوٹے اداروں کو بند کرنے کی سازش ہے، میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے پہلے جرم ثابت کرنا چاہئے تھا۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ حق اور سچ کو سامنے نہیں آنے دیا جاتا جو حق اور سچ کی بات کرتا ہے اس کو مختلف حربوں سے زلیل و رسوا کیا جاتا ہے اور پابند سلاسل کردیا جاتا ہے تاکہ وہ حق اور سچ بولنے اور لکھنے سے باز آجائے۔ حکومت نے میرشکیل کو گرفتار کرکے پورے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا جو منصوبہ بنایا ہے وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔

تازہ ترین