• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کا جم غفیر اپوزیشن کے بیانیہ و اعلامیہ پر مہرتصدیق ہے‘پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر ) ملک میں جمہوریت اور آمریت کے مابین کشمکش آخری مراحل میں ہے ، پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوام کا جم غفیر اپوزیشن کے سیاسی جمہوری رہنماؤں کے بیانیہ واعلامیہ پر مہر تصدیق ہے ، پشتونخوامیپ ماضی کی طرح جمہوری تحریکوں میں صف اول کا کردار ادا کریگی او رکسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔25جولائی 2018کے انتخابات میں دھاندلی کرکے غیر سیاسی لوگوں کو مسلط کیا گیا اورناجائزحکمرانی کے ذریعے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، پارٹی کارکن اپنی صفوں کو مضبوط بنائیں اور 25اکتوبر کوکوئٹہ کے جلسے کی تیاریوں کو مزید تیز کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری وسابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، ضلع کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹری ندا سنگر، علاقائی سیکرٹری جانان اچکزئی ، سینئر معاون حاجی اکبر اور مالک درانی نے افغان مینہ علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام جرگے اور خانوزئی میں پارٹی کے زیر اہتمام اجتماع سے ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید شراف آغا،ضلع پشین کے ڈپٹی سیکرٹریز حاجی عبید اللہ پانیزئی ، محمد دین باچااور حاجی عبدالواجد نے پارٹی خانوزئی، بلوزئی، مرغہ چرمیان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ زر وزور اور بدترین دھاندلی پر مبنی 25جولائی 2018کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی سلیکٹڈ حکومتوں سے نجات کا وقت آپہنچا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے بیانیہ اور اعلامیہ کی تائید وحمایت اور جلسوں میں عوام کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی بھرپور شرکت پی ڈی ایم کی سیاسی جمہوری تحریک پر مہر تصدیق ہے ۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں بالخصوص 7اکتوبر 1983کو ضیاء الحق کی آمریت کے خلاف جمہوریت بحالی تحریک (ایم آر ڈی) جلوس کی قیادت پشتونخوامیپ کے رہبر محمود خان اچکزئی کررہے تھے اس جلوس پر حملے کے دوران پارٹی کے چار کارکن اولس یار شہید ، کاکا محمود شہید ، رمضان شہیداور داؤد شہید کی شہادتیں ہوئیں ۔ پارٹی نے ہر جمہوری تحریک میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے ملکی آئین پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد ، ملکی پارلیمنٹ کی خودمختاری وبالادستی اور ملک کے تمام ادارے اس کے ماتحت ہونے ، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن بنانے ، جمہورکی حکمرانی قائم کرنے ، آئین کے تحت صوبائی خودمختاری ، جمہوریت اور جمہور کی حکمرانی ، ووٹ کی تقدس کیلئے آواز بلند کی ۔ مقررین نے کہا کہ آج ملک میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ سویلین مارشل لاء مسلط ہے جس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ، ملک کی پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ کے طور پر استعمال کرنے، ملکی آئین پر عملدرآمد سے روگردانی ، جمہوریت اور جمہوری اصولوں سے انحراف ، صوبائی خودمختیاری میں مداخلت ، عوام کے حق حکمرانی سے انکار نے ملک کو معاشی ، آئینی ، سیاسی ،معاشرتی بحرانوں سے دوچار کیا ہے ۔ان بحرانوں سے نجات کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل سیاسی جمہوری جماعتوں کی تحریک کے پلیٹ فارم کے اتحاد ومضبوطی اور جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت سے ہی وابستہ ہے ۔ گوجرانوالہ اور کراچی کے عظیم الشان جلسے پی ڈی ایم کے موقف پر مہر تصدیق ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25اکتوبر کو کوئٹہ ہاکی گراؤنڈ چوک پر منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔
تازہ ترین