• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزار قائد پر نعرے بازی، کیپٹن صفدر گرفتار، 11 گھنٹے بعد ضمانت پر رہا

مزار قائد پر نعرے بازی، کیپٹن صفدر گرفتار، 11 گھنٹے بعد ضمانت پر رہا


کراچی (اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں،جنگ نیوز) مزار قائد پر نعرے بازی کے بعد مزار قائدایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کر لیا گیا، جنہیں11؍گھنٹے بعدضمانت پررہاکردیاگیا۔ 

پولیس نے علی الصباح کیپٹن(ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا، انہیں مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا۔تھانہ بریگیڈ کی پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے نمبر 591/2020میں گرفتار کیا گیا۔ 

پولیس نے بتایاکہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج مقدمے میں 200 افراد شامل ہیں جب کہ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اس معاملے پر مقدمہ درج کرانے کیلئے تھانے پہنچے تھے تاہم ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔

بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع شرقی نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی سے متعلق کیس کی سماعت کی اور ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض انکی ضمانت منظور کرلی۔وقت ختم ہونے کے باعت عدالت نے کیپٹن صفدر کے وکلاء کو مچلکوں کی جگہ ایک لاکھ روپے نقد جمع کرانے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے مدعی وقاص کا موبائل قبضے میں لینے اور فرانزک کرانے کا بھی حکم دیا۔سٹی کورٹ میں مزارقائد کے تقدس کی پامالی سے متعلق کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے اور اسے کیوں پیش نہیں کیاگیا جس پر وکلا نے بتایا کہ ہمارےمؤکل کو 8 بجےگرفتار کیا گیا لیکن ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔

سماعت کے دوران مسلم لیگ ن اورپی ٹی آئی کے وکلا آپس میں الجھ گئے اور کمرہ عدالت میں جج کے سامنے ایک دوسرے کے اوپر چلاتے رہے، جسکے بعد عدالت نے وکلاء اور فریقین کو خاموش کرادیا اور کہا کہ کسٹڈی آجائے تو پھردلائل سن لیں گے۔ 

اس کے بعد پولیس کی جانب سے کیپٹن (ر)صفدر کو بکتر بندگاڑی میں سٹی کورٹ پہنچایا گیا جسکے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیرمیمن کے روبرو پیش کیا گیا جہاں ان کا ریمانڈ لینے کی کوشش کی گئی تاہم عدالت نے انکی ضمانت منظور کرلی۔ 

پولیس نے عزیز بھٹی تھانے سے عدالت لے جانے کیلئے کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند میں بٹھایا تو اس موقع پر ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نےگاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔

تازہ ترین