• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الائونسز کی باقی ادائیگیاں جلد کردی جائیں گی، وائس چانسلر جامعہ اردو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کی غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن(عبدالحق کیمپس)کی نو منتخب کابینہ نے صدر عدیل صابر اور تحفظ حقوق ملازمین فورم (گلشن اقبال کیمپس) کے اراکین نے کنوینر حسیب زاہد کی قیادت میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق سے ایک ملاقات کی۔ ملاقات میں ان رہنماؤں نے غیر تدریسی ملازمین کے عرصہ دراز سے التواء کا شکار مختلف الاؤنسز کی ادائیگیوں، مستقلی، ترقیوں اور دیگر چیدہ چیدہ مسائل کے حل کے لیے درخواست کی۔ اس پر قائم مقام وائس چانسلر نے یقین دہانی کروائی کہ بیشتر ادائیگیاں کردی گئی ہیں اور باقی بھی جلد ہی کردی جائیں گی۔ غیر تدریسی ملازمین کے رہنماؤں نے قائم مقام شیخ الجامعہ کی توجہ 2018ء میں ہونے والی ڈی پی سی اور مستقلی کے دوران متعدد ملازمین کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کی طرف مبذول کروائی جس پر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے یقین دہانی کروائی کہ اس حوالہ سے تشکیل دی گئی ریویو کمیٹی کو جلدہی فعال کردیا جائے گا ۔

تازہ ترین