• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب ملکوں پر قرضوں کے بوجھ میں اضافہ باعث تشویش ہے، آئی ایم ایف

لندن (پی اے) آئی ایم ایف کی سربراہ نے غریب ممالک پر قرضوں کے بوجھ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپریل میں جی 20گروپ کے ممالک کے حکام نے دنیا کے غریب ترین ممالک سے قرضوں کی واپسی اور سود کی وصولی اس سال کے آخر تک موخر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ جی 20گروپ کے ممالک کی جانب سے قرضوں پر سود کی معطلی کے اس فیصلے سے دنیا کے44ممالک کو5بلین ڈالر کی ادائیگیاں روک کر رقم کورونا سے نمٹنے پر خرچ کرنے کا موقع ملا تھا۔ تاہم آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔اتوار کو لندن میں گروپ 30 کی جانب سے اقتصادی پالیسی سازوں اورسینئر بینکاروں کے ایک پینل کیلئے منعقد کی گئی سینٹرل بینکس کیلئے ویڈیو کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ ہمیں کچھ وقت مل گیا ہے لیکن ہمیں یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہئے کہ ہمیں ابھی بہت سے فیصلہ کن اقدام کرنا ہیں، بہت تاخیر اور بہت تھوڑے اقدامات سے قرض حاصل کرنے والوں کے ساتھ ہی قرض دینے والوں کو بھی نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا عالمی سطح پر قرضوں کی شرح اگلے سال 100 فیصد جی ڈی پی کے مساوی ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جون میں معیشت میں تنزلی کی شرح 4.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کے برعکس عالمی معیشت فی الوقت شدید تنزلی کا شکار ہے۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ بہت سے ملکوں کی معیشت کو دیرپا نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور 20 سے زیادہ ممالک میں پہلی مرتبہ شدید غربت میں اضافہ ہونے کاخدشہ ہے۔

تازہ ترین