• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کے جلسہ میں قومی زبان اردو کیخلاف زہر گھولا گیا، رہنما پی ایس پی

لندن ( پ ر ) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر الطاف شاہد، سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود،امیر فیصل اعوان، غلام نبی عامر، مرزا خلیل اللہ،محمد فیض، چوہدری پرویز اختر،ڈاکٹر سرور،زبیدہ خانم،حمیرا حقانی،عمران خان،ریحان آرائیں اور خواجہ یونس نے اپنے مشترکہ بیان میں اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسہ میں کچھ رہنماؤں کی سوچ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس میں اردو زبان جو قومی زبان ہے اس کے خلاف زہرگھولا گیا ۔پی ایس پی رہنمائوں نے بانی پاکستان کے مزار کی بے حرمتی اور افواج پاکستان کے خلاف اور قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل رحمان سمیت پی ڈی ایم کے تمام رہنما قوم سے معافی مانگیں اور اپنی اصلاح کریں۔قوم یہ سمجھ رہی تھی کہ پی ڈی ایم کے رہنما کراچی کے جلسے میں سندھ خصوصاً کراچی کو مثالی شہر بنانے کا ماڈل پیش کریں گے،کراچی کو اور اس کے کم وبیش تین کروڑ شہریوں کے بنیادی حقوق کی بات کریں گے، ووٹ کو حق نہیں ووٹرز کو حق اور جو ووٹرز نہیں ہیں جن میں بچے ,بچیاں اور نوجوانوں کی لاکھوں کی تعداد بھی شامل ہے، انہیں آئین پاکستان میں موجود وہ تمام حقوق دیں گےکیونکہ سندھ میں پی ڈی ایم میں شامل ایک جماعت پیپلز پارٹی سندھ میں مسلسل حکومت میں ہے ۔ کیا یہ سمجھتے ہیں کہ سندھ کی عوام بے وقوف ہے،اب ایسا ہرگز نہیں چلے گا،اب قوم کو اپنے حقوق کے لئے خود اٹھنا ہو گا اور اپنے حقوق خود حاصل کرنا ہوں گے۔ عوام حکومت اور اپوزیشن کی نام نہاد سیاست سے بیزار ہوگئے ہیں،ان حالات میں پاک سرزمین پارٹی امید کی واحد کرن بن کر سامنے آئی ہے اور مصطفیٰ کمال کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے ماضی میں بھی ڈیلیور کرکے دکھایا ہے اور اسی عزم کو لے کر سندھ اور پاکستان کو سنوارنے کے لئے پاک سرزمین پارٹی وجود میں آئی ہے ۔
تازہ ترین