کراچی (پ ر) لائٹ اسٹون پبلشرز کی منیجنگ ڈائریکٹر اور پبلشر امینہ سیّد نے پاکستان کے نئےاشاعتی ادارے ’لائٹ اسٹون‘ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہےکہ اب پاکستانی اسکولوں کو کم قیمت میں عالمی معیار کی حامل ایسی درسی کتابیں میسر آئیں گی جو پاکستان کے حالات، اقدار، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہوں گی اورہمارے نصاب کا احاطہ کریں گی۔ لائٹ اسٹون کی اسکولوں کے لئے درسی کتابیں قیمت میں کم جبکہ مواد، ڈیزائن اور پروڈکشن میں اعلیٰ معیار رکھتی ہیں اور پاکستان بھر میں دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں اشاعتی ادارے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس تقریب میں کراچی کے تقریباً 100سے زیادہ نمایاں اسکولوں کے سربراہوں نے شرکت کی جبکہ یہ تقریب فیس بک پر براہ راست نشر کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف گلوکار اور ماہر تعلیم، شہزاد رائے، SPELT کے بانی رکن اور ٹیچرز ڈویلپمنٹ سینٹر کے عباس حسین اور چارٹر فار کمپیشن کے امین ہاشوانی تھے۔ لائٹ اسٹون پبلشرز کی ڈائریکٹر، سعدیہ مرزا کا کہنا تھا کہ لائٹ اسٹون پبلشرز تمام اہم مضامین، جیسے کہ انگریزی، اُردو، معاشرتی علوم، ریاضی، سائنس، قواعد اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کتابوں کی اشاعت سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں موجود پاکستانی اسکولوں، طلبا اور اساتذہ کو معاونت فراہم کرے گا۔ لاائٹ اسٹون پبلشرز روایتی ٹیچر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ آن لائن ٹریننگ کا اہتمام بھی کرتا ہے، نیز درسی کتابوں کے ساتھ رہنمائے اساتذہ اور اسباق کی منصوبہ بندی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ لائٹ اسٹون پبلشرز نے تعلیمی ڈیجیٹل ریسورسز کی فراہمی کے لئے سبق/ میوز کے ساتھ شراکت کی ہے۔ ریاضی اور سائنس میں عالمی سطح پر سنگاپور کے نمایاں مقام باعث، ہم نے سنگاپور کے نمایاں پبلشرز کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ریاضی اور سائنس کے کورسز شائع کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم کیمبرج یونیورسٹی پریس کے ساتھ بھی اشتراک کر رہے ہیں۔ لائٹ اسٹون پبلشرز کی پبلشنگ ڈائریکٹر نادیہ غنی نے اس موقع پر فکشن اور نان فکشن، ہر دو شعبوں میں چند غیرمعمولی کتابوں کی اشاعت کا اعلان کیا جن کے مصنّفین میں طارق کھوسہ، جنرل فدا حسین ملک، لیاقت مرچنٹ، پروفیسر شریف المجاہد، شیری رحمٰن، فوزیہ سعید، سفارت کار عبدالباسط شامل ہیں جبکہ ارشاد عبدالقادر کا ایک نیا ناول بھی شائع کیا جا رہا ہے۔