• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پاک فوج پر الزام تراشی نریندر مودی کا بیانیہ ہے، وفاقی وزراء

نواز شریف کی پاک فوج پر الزام تراشی نریندر مودی کا بیانیہ ہے، وفاقی وزراء


اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی وزراءنے سزایافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاک فوج کیخلاف جھوٹی الزام تراشی پر مبنی تقاریر کو نریندر مودی کے بیانیہ کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کی سازشیں کررہا ہے۔ 

اپوزیشن جماعتوں نے ایف اے ٹی ایف قانون کے موقع پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی مگر ناکام ہوئے، پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمان آج جن اسمبلیوں کو جعلی کہہ رہے ہیں انہی اسمبلیوں سے وہ صدر مملکت بننے کی کوششیں کرتے ہوئے ناکام ہوئے تو الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا ۔

وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج کل بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ افراتفری پھیلانے کی کوشش میں ہےلیکن اس بار بھی اس ٹولے کو ناکامی ونامرادی کا سامنا کرنا پڑے گا‘ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوف زدہ نہیں۔ 

اپوزیشن کی کرپشن بچانے کی مہم کامیاب نہیں ہو گی جبکہ مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ مریم نوازکو پروپیگنڈا کرنے کے بجائے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر بلاول بھٹو زرداری سے پوچھنا چاہئے‘مریم صفدر کیا آپ کھیل کھیل رہی ہیںیا آپ کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے؟

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی‘پی ڈی ایم کو نواز شریف قبول نہیں‘ رسوائی اور ذلت پی ڈی ایم کا مقدر ہے۔ 

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کا دوسرا شو بھی پہلے کی طرح فلاپ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں ہے، جواب دینا ہمارا فرض ہے تاکہ صورت حال واضح رہے۔

بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کا مقصد پاکستان کوپیچھے دھکیلنا ہے، 2018ءکے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مسترد کیا، یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں، یہ کاروباری لوگ تھے انھوں نے اپنی سہولت کے مطابق نظام چلایا، انہوں نے ذاتی مفادات کے لیے ملک کے وسائل کو لوٹا اور اداروں کو مفلوج کیا، ملک میں جتنے بھی ادارے تھے انہیں بتدریج تباہ کیا گیا۔ 

اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف قانون پر بلیک میل کرنےکی کوشش کی،یہ چاہتے ہیں ایک ارب سے کم کی رقم کامعاملہ کرپشن میں شمار نہ کیا جائے۔مولانا فضل الرحمان نے رٹ لگا رکھی ہے کہ یہ اسمبلی جعلی ہے، مولانا فضل الرحمان جس اسمبلی کو جعلی کہتے ہیں اسی سے صدربننے کی کوشش کی، ایک نوسربازخود کو بیمار بنا کرملک سے باہرچلا گیا، نواز شریف قانون سے بالاتر نہیں ہے ، انہیں واپس آکر جواب دینے چاہئیں، نوازشریف کی واپسی کیلئے حکومت اقدامات کرےگی، انہیں واپس لاکر عام جیل میں ڈالیں گے۔ 

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پرشبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم کے مزار پر ہلڑبازی کوئی برداشت نہیں کرسکتا، کیپٹن (ر) صفدرنے پاکستان اورعوام کی توہین کی ہے، اس لیے وہ گرفتار ہوئے اور ان کی گرفتاری کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ پولیس کا کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری کا عمل قانون کے احترام کا بیانیہ ہے، قائداعظم محمد علی جناح کی قبر اور ان کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں بننے دیا جائیگا کیونکہ یہ جگہ ہر پاکستانی کےلئے مقدس جگہ ہے۔ 

قائداعظم کے مزار پر اٹھکیلیاں، نعرے بازی اور غیر سنجیدہ طرز عمل قانون کےخلاف ہے جس پر سزا ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے بھی پاک فوج کی قیادت پرزبانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمنوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

پی ڈی ایم جلسے میں 11جماعتوں کے رہنما موجود تھے،مگر ان میں سے کسی ایک نے بھی پاک فوج پر حملے کی مذمت تک نہیں کی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ یہ کھاتے پاکستان کا، لوٹتے پاکستان کو اور کام پاکستان کےخلاف کرتے ہیں۔

سرور خان نے کہا کہ پوری قوم اپنے اداروں کےساتھ ہے، فوج کےساتھ ہے، پاکستان کی افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔ اپوزیشن لیڈروں کو فوج کےخلاف بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ففتھ جنریشن وار یہی ہے کہ اداروں کےخلاف جنگ کی جائے۔ یہود و ہنود کا یہی ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں اداروں کو اداروں سے لڑایا جائے۔

تازہ ترین