• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کی پاسداری پر سندھ پولیس پر فخر ہے، شفقت محمود

قانون کی پاسداری پر سندھ پولیس پر فخر ہے، شفقت محمود 


اسلام آباد ، لاہور (نیوز ایجنسیاں) حکومتی وزراء اور ترجمانوں شبلی فراز، شفقت محمود اور فوادچوہدری، شہباز گل، فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ قانون کی پاسداری پرسندھ پولیس پر فخر ہے، کیپٹن صفدرکی گرفتاری کس نے کی بھول جائیں، انکا جرم دیکھیں، قانون کو عزت دینے کا مطالبہ کرنے والے اپنے لئے الگ قانون چاہتے ہیں، گرفتار کرکے بلاول نے اچھا کام کیا، پھوٹ کا آغاز ہوگیا۔ 

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ مزار قائد پر ہلڑبازی کوئی بھی قبول نہیں کرسکتا، شفقت محمودنے کہاکہ کارروائی پرخوشی ہوئی، فوادچوہدری کاکہنا تھاکہ اس عمل پرکیپٹن صفدر کو قانون کے مطابق سزا ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرشبلی فراز نے پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جلسیوں سے خوفزدہ نہیں ہے، جواب دینا ہمارا فرض ہے تاکہ صورت حال واضح رہے۔ 

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پرشبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم کے مزار پر ہلڑبازی کوئی برداشت نہیں کرسکتا، کیپٹن (ر)صفدرنے پاکستان اورعوام کی توہین کی ہے اس لیے وہ گرفتارہوئے، انہیں کس نے گرفتارکیا اسے بھول جائیں، ان کا جرم دیکھیں اوراس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے سندھ پولیس کو کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی سائٹ پرانہوں نے کہا کہ انہیں یہ توقع نہیں تھی لیکن انہیں اس بات پر انتہائی خوشی ہے کہ سندھ پولیس نے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا اور کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا کہ ‏سندھ پولیس کا کیپٹن صفدر کی گرفتاری قانون کے احترام کا بیانیہ ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ پرانہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں ہر پاکستانی کیلئےمقدس جگہ ہے۔ قائد کے مزار پرنعرے بازی اور غیر سنجیدہ طرز عمل قانون کیخلاف ہے ، اس پر سزا ہونی چاہیے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ قائداعظم کے مزار سے متعلق بڑے واضح قوانین موجود ہیں، یہ جو کچھ بھی کرتے ہیں، نہیں چاہتے کہ قانون کی عملداری ہو۔مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ کیپٹن صفدر کیخلاف سندھ پولیس نے ایف آئی آر درج اور گرفتاری کی ہے۔

تازہ ترین