• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر اخلاقی مواد روکنے کی یقین دہانی، ٹک ٹاک پر پابندی ختم

غیر اخلاقی مواد روکنے کی یقین دہانی، ٹک ٹاک پر پابندی ختم 


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مشروط طور پر ٹک ٹاک کو بحال کردیا ہے۔ پی ٹی اے نے پلیٹ فارم پر نا شائستہ، غیر اخلاقی / نا مناسب مواد کی موجودگی اور معاشرے پر اس کے منفی اثرات کے پیش نظر ٹک ٹاک ایپلیکیشن کو بند کر دیا تھا ، پابندی کے نفاذ سے پہلے اور اس کے بعد پلیٹ فارم کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں ٹک ٹاک کی جانب سے معاشرتی اقدار اور پاکستان کے قوانین کے مطابق مواد کو اعتدال پر رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی، اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ وہ صارفین جو غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے میں مستقل طور پر ملوث ہیں ان کو پلیٹ فارم کی طرف سے بلاک کر دیا جائے گا، پی ٹی اے نے انٹرنیٹ پر استعمال کنندگان کے لئے صحت مندانہ ڈیجیٹل تجربے اور ڈیجیٹل کمپنیوں کی ترقی کے پیش نظر یہ پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ٹک ٹاک کی بحالی سختی سے اس بات سے مشروط کی گئی ہے کہ پلیٹ فارم کو نا شائستہ، غیر اخلاقی / نا مناسب مواد پھیلانے کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا اور معاشرتی اقدار کو مجرو ح نہیں کیا جائے گا اگر مذکورہ شرائط پر عمل در آمد نہ ہوا تو پی ٹی اے ایپلیکیشن پر مکمل طور پر پابندی عائد کر سکتا ہے۔ دریں اثناءٹک ٹاک حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین