• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدﷲ کالج کے قریب فائرنگ، سماجی رہنما فیروز بنگالی کی بیٹی قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عبداللہ کالج اسٹیٹ بینک کے قریب فائرنگ سے ا یک نوجوان لڑکی جاں بحق ہو گئی ، پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر لاش عباسی اسپتال منتقل کی جہاں اسکی شناخت 21سالہ فاطمہ دختر فیروزکے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعہ کے حوالے سے معلوم نہیں ہو سکاہے، مزید تفتیش جاری ہے ۔نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی فاطمہ کے بھائی فیصل کے مطابق مقتولہ معروف سیاسی و سماجی رہنما فیروز بنگالی کی بیٹی تھی، جس کو کو چلتی گاڑی میں فائرنگ کرکے قتل کیاگیا ، جسے شدید زخمی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئی۔ فاطمہ کے پاس موبائل فون ، رقم اور دیگر تمام اشیا بھی موجود ہیں ، فوری طور پر واقعہ کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ، والد سیاسی و سماجی شخصیت ہیں ، دشمنی کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے شخ فیروز بنگالی کی مدعیت میں انکی بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ، مقدمہ مدعی کے مطابق میری بیٹی فاطمہ کے قتل میں میرا داماد وحید اللہ ملوث ہے جس کو گرفتار کیا جائے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردی ، پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئےمختلف علاقوں میں چھاپے مارے لیکن گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ، واقعے کے بعد نامزد ملزم اپنے گھر سے بھی فرار ہے تاہم پولیس جلد ملزم کو گرفتارکرلے گی ، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان فاطمہ کی کار کا تعاقب کررہے ہیں ، فاطمہ نے کار گلی میں موڑی تو ملزمان گلی میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرکے واپس مین روڈ پر آکر فرار ہوگئے ۔

تازہ ترین