• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا سوڈان کا نام دہشتگردی کے اسپانسر ممالک کی فہرست سے جلد حذف کرنے پر غور

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سوڈان کے ساتھ ایک سمجھوتہ طے پانے کے قریب تر ہے،اس کے تحت سوڈان کا نام امریکا کی دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والے ممالک کی فہرست میں سے حذف کردیا جائے گا۔غیرملکی میڈیا کےمطابق دو امریکی عہدے داروں نے پیر کو بتایا ہے کہ اس ضمن میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے آئندہ چند روز میں اعلان متوقع ہے، ان میں سے ایک عہدے دار نے برطانوی خبررساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ اگر اس ضمن میں کوئی سمجھوتا طے پاجاتا ہے تو پھر سوڈان کے اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار ہوگی لیکن ہنوزاس مجوزہ سمجھوتے کی تفصیل طے کی جارہی ہے۔ اگر اسرائیل کا ایک اور عرب ملک سوڈان کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پاجاتا ہے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس کو تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے انعقاد سے قبل اپنی بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کرسکتے ہیں۔ سوڈان کی خودمختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں ایک وفد نے گذشتہ ماہ یو اے ای میں امریکی حکام سے مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا،سوڈانی وفد نے ان سے اپنے ملک کا نام دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والے ممالک کی فہرست سے حذف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تازہ ترین