• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپس میں لڑنے والے ذاتی مفادات کیلئے ایک ہوگئے ،حکومتی ارکان اسمبلی

کوئٹہ(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی مبین خلجی نے کہاہے کہ اپوزیشن پاپا بچائو تحریک چلا رہی ہے اگر اپوزیشن رہنمائوں کو ملک یا عوام سے محبت ہوتی تو وہ خود آتے اور حساب دیتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے جلسے کے دوران خطاب پر حیرت ہے بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت گرانے میں جمعیت علمائے اسلام کا کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپس میں لڑنے والے آج ذاتی مفادات کیلئے ایک ہو گئے ہیں عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے اب مزید انہیں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مدرسے میں والدین بچوں کو سبق کیلئے بھیجتے ہیں نا کہ پاپا بچائو جلسوں میں شرکت کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، بلال احمد کاکڑ نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی کرپٹ لوگوں کے خلاف اقدامات شروع کئے ہیں آج جب انہیں اندازہ ہو رہا ہے تو یہ ایک بار پھر اکھٹے ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے۔ بلوچستان کے حکمرانوں نے یہاں کے منصوبوں پر سودے بازی کی۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ مہنگائی ایک قدرتی رحجان ہے جو پوری دنیا میں ہے، اس ملک کا مستقبل روشن اور معیشت مستحکم ہوگا۔ ہمیں ملکی اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا سیاسی معاملات میں اداروں کو گھسیٹنے سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، ہم نے جلسے کی اجازت دیدی ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اپوزیشن کو جہاں جلسہ کرنا ہے کرے لیکن ان کے عزائم ملک کیلئے خطرناک ہیں، انہوں نے کہا کہ سزائیں دینا عدالتوں کا کام ہے حکومت کا نہیں تمام ادارے فعال ہیں۔  
تازہ ترین