• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی غیر سنجیدگی کے باعث گیس بحران سنگین ہو سکتا ہے، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز

کوئٹہ(پ ر) ایل پی جی ڈی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئر مین عرفان کھوکھر نےکہا ہے کہ جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ کے بند ہونے سے قومی خزانے کو سالانہ چار ارب روپے کے نقصان ہوگا اس کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ہم ٹیکس اداکرتے ہیں تو اسمگل کیوں کرینگے۔دورہ کوئٹہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں کمی آنے کی وجہ سے ایل پی جی کی کھپت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں رسد انتہائی کم ہے اور ایل پی جی شارٹ فال کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے ۔ سردی کی شدت میں اضافے سے ایل پی جی کی طلب میں مزید اضافہ جبکہ رسد نہ ہونے کے برابر ہے امپورٹرز نے حکومت کو آگاہ کردیا کہ کم از کم1لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گیس کی ضرورت ہے جس پر توجہ نہیں دی گئی تو آنے والے دنوں میں پہلے سے موجود بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے،ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن وزیر اعظم پاکستان کو معاملے کی چھان بین کے خط بھی لکھ چکی ہے اگر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کو نہ روکا گیا توایل پی جی کا شارٹ فال متوقع ہے۔ جس کے نتیجے میں سردیوں میں غریب عوام کا چولہا بھی سرد ہو جائے گا۔پاکستان میں ایل پی جی کی کھپت کو پورا کرنے کے لیے سردیوں میں کم از کم ایک لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گیس کی ضرورت ہے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سستی گیس مہیا کرنے کے لیے تفتان باڈر سے درآمد اہم کردار ادا کرسکتا ہے کھپت کو پورا کرنے اور ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے ایل پی جی امپورٹرز کا اظہاراطمینان بے حد ضروری ہے۔ اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو آئندہ دنوں میں ایل پی جی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کریں گی۔ایل پی جی پر لگے ٹیکسز کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ غریب عوام کو سستی ایل پی جی گیس فراہم کی جا سکے۔غیرمعیاری سلنڈر فروخت کرنے والے ہمارے ساتھ نہیں ملک میں 1999 سے اب تک کوئی بڑی ڈسکوری نہیں ہوئی۔سی این جی اسٹیشن لگاکر قیمتی گیس اڑائی جاتی رہی ہے جس کی وجہ سے 90 لاکھ کیوبک فٹ گیس ختم ہوگئی، ایک سی این جی اسٹیشن ساٹھ گھروں کی گیس ایک گھنٹے میں کھا جاتا ہے۔ عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ فوری طو رپر ایل پی جی امپورٹرز کی مشاورت سے ایل پی جی درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں ، بے جا ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے اور امپورٹرز کو بلاوجہ تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔
تازہ ترین