• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوروناوائرس کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہنا ہے کہ انسداد کورونا وائرس ایس او پیز کو نظر انداز کرنے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سردارعثمان بزدار نے اپنے  ایک بیان میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل کوروناوائرس مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی تھی، اکتوبر کے پہلے 20 روز میں کوروناوائرس کیسوں کی تعداد اور مریضوں کی اموات بڑھی ہیں۔

عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے شہریوں کا پہلے کی طرح تعاون ضروری ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کریں، احتیاطی تدابیر پر تسلسل کے ساتھ عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بھی اپنی زندگیوں کے تحفظ کے لیے سماجی فاصلے برقرار رکھنے چاہئیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ  صوبے میں کوروناوائرس ایکٹو کیسوں کی تعداد 2198 ہوگئی ہے جبکہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 108 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 12مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب تک پنجاب میں اب تک 2310 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں، 24 گھنٹے میں کوروناوائرس کی تشخیص کے لیے 8623 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور اب تک کُل 1474477 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 101760 مریضوں میں سے 97252 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین