• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک کشمیر 27 اکتوبر کو برطانیہ و یورپ میں یوم سیاہ منائے گی

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کی اپیل پر 27 اکتوبر کو یورپ بھر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منانے کے حوالے سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے تحریک کشمیر برطانیہ کی مرکزی مجلس شوریٰ کے آن لائن زوم پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دن برطانیہ بھر میں لندن سے گلاسگو تک آن لائن زوم پر منایا جائے گا۔ برطانیہ کے مختلف شہروں میں مختلف مقامات پر احتجاج اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ کوویڈ 19 کے نتیجے میں کسی ایک جگہ کی بجائے شہروں کے نمایاں مقامات پر احتجاج کیا جائے گا اور آن لائن احتجاج کا ایک نیا تجربہ کیا جائے گا۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے آن لائن شوریٰ کے اجلاس میں کہا کہ اسی نئے آن لائن سسٹم کے تحت برطانیہ کی طرح یورپ کے مختلف شہروں میں بھی یوم سیاہ کشمیر منایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ممالک میں یوم سیاہ کے موقع پرکانفرنسز اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے اور کشمیر پر بھارت کی ننگی جارحیت اور غاصبانہ قبضہ، ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ بھارت نے غیر قانونی طور پر فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیر یوں کو غلام بنا رکھا ہے اور کشمیری کسی بھی صورت میں اسے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حافظ آزاد چوہدری نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم سیاہ کشمیر منا کر بھارت کو یہ پیغام دیا جائے کہ بھارت کی سازشیں کشمیریوں کی جد و جہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتیں، کشمیری آزادی کی منزل حاصل کر کے دم لیں گے۔ تحریک کشمیر برطانیہ اسکاٹ لینڈ زون کے صدر کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کے مختلف شہروں میں27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جائے گا، یہ دن کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے، اسی روز 1947 کو بھارت نے کشمیر میں اپنی درندہ صفت فوجیں داخل کر کے قبضہ کیا تھا پھر خود ہی دنیا کے سامنے وعدے اور معاہدے کیے تھے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے گا اور اب اس سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ اجلاس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر تنویر اکمل، ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری محمد لقمان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ شکیل خان ،سائوتھ زون کے صدر چوہدری زاہد اقبال، سیکرٹری فرخ قریشی، منیر احمد رضا، راجہ قمر عباس ودیگر رہنمائوں اور ارکان شوریٰ نے خطاب کیا ۔اجلاس میں تحریک کشمیر برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ سید طفیل حسین شاہ کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی جو گلاسگو کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین