• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوی خان کے اعزاز میں کراچی آرٹس کونسل میں تقریب

لیجنڈری اداکار قوی خان کے اعزاز میں کراچی آرٹس کونسل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں قوی خان نے اعتراف کیا کہ انھیں سب سے زیادہ سکون آرٹس کونسل میں ملتا ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے قوی خان نے کہا کہ میری زندگی میں خاموشیاں، تنہائیاں بہت ہیں سب کچھ اللّٰہ کے سپرد کر کے مطمئن ہوجاتا ہوں، اپنے ایمان کو ساتھ رکھتے ہوئے زندگی گزاریں تو بڑا مزا آتا ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے قوی خان نے کہا کہ یہ کمال شخصیت کے حامل اور اچھےانسان ہیں، ان کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے یہ محفل سجائی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بات کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہورہی کہ جہاں جہاں بھی گیا جو سکون آرٹس کونسل میں آکر ملتا ہے کہیں اور نہیں ملتا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی آرٹس کونسل جس طرح ہر برے وقت میں فنکاروں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے قابلِ ستائش ہے، میں نے اپنی زندگی میں سب سے بہت کچھ سیکھا ہے، میں اپنے جونیئرز سے روز کچھ نہ کچھ سیکھتا ہوں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ احمد شاہ کے مشکور ہیں کہ وہ فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی خراجِ تحسین پیش کررہے ہیں، آرٹس کونسل بہترین ادارہ ہے جو فنکاروں کی خوشی ہو یا غم ہر صورت حال میں ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اس قابل نہیں کہ قوی خان کی اداکاری پر بات کروں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر اداکار اورنگزیب لغاری نے کہا کہ قوی خان کے لیے کچھ کہنا چھوٹا منہ بڑی بات ہوگی، مجھے اداکاری کا سلیقہ قوی خان نے سکھایا، آج جو کچھ بھی ہوں قوی خان کو مائنس کردوں تو کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احمد شاہ نے جو بستی بسائی ہے ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر سینئر اداکار منور سعید نے کہا کہ قوی خان کے ساتھ تعلق 60 برس پرانا ہے، مجھے ٹی وی پر متعارف کروانے والی شخصیت قوی خان ہی تھے، دعا ہے کہ اللّٰہ قوی خان کو اور بھی عزت سے نوازے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے قوی خان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہما میر نے ادا کیے جبکہ قوی خان سے محبت کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

تازہ ترین