• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FATF اجلاس، سعودی عرب کا پاکستان کیخلاف ووٹ کی خبر جھوٹ ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)ایف اے ٹی ایف اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان مخالف ووٹ کا پروپیگنڈہ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کے حوالے سے ایکشن پلان کے جائزے میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق ‘میڈیا کی جھوٹی خبروں’ کو مسترد کردیا۔

بھارت کی گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں کسی بھی مہم جوئی کا بھر پور قوت سے جواب دیاجائیگا،ترجمان دفتر خارجہ کے دفتر سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘میڈیا کے ایک حلقے میں چلنے والی خبر کو یکسر مسترد کرتے ہیں’۔ 

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے’۔

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلق کوانتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے اورسختی سے اس طرح کے مذموم پروپیگنڈہ کو مسترد کرتا ہے۔

دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کی ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اور مستقبل کے معاملات کا اعلان اپنی پلینری میٹنگ کے بعد کرے گا. فیٹف اجلاس 23 اکتوبر تک جاری رہے گا اورکورونا وبا کے باعث اس کا انعقاد انٹرنیٹ کے ذریعے ہورہا ہے۔ 

دریں اثناء ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان بھارت کی گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کا بھر پور قوت سے جواب دے گا۔

تازہ ترین