• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی زیدی نے دھمکیاں دیں تو ان کیخلاف FIR کاٹیں، ندیم افضل


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ صوبے اور وفاق کے درمیان تنازع حل کرنے کیلئے بہتر فورم مشترکہ مفادات کونسل ہے، کیپٹن صفدر پر 506کی دفعہ سندھ پولیس نے لگائی وفاقی حکومت کا کردار کہاں سے آگیا۔

وزیراعظم کو گندم کی پیداوار سے متعلق غلط اعداد و شمار دینے کی ذمہ دار بیوروکریسی ہے، کرپشن کے مقدمات کی سماعت روز ہو یا ہفتے میں ہو عدل ہونا چاہئے، کیا بار کونسل اور وکلاء میں عدل ہے،علی زیدی نے دھمکیاں دی ہیں تو اس کی ریکارڈنگ ہوگی ان کیخلاف ایف آئی آر کاٹیں۔ 

وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور وزیرتعلیم سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔

مصدق ملک نے کہا کہ انسانی حقوق کے بعد وفاق اور صوبے کے درمیان تنازع پر ازخود نوٹس لینا ضروری ہے، اس حکومت میں صحافیوں کیلئے بغاوت کے مقدمات دائر کیے گئے،میڈیا اداروں کے سربراہ ڈیڑھ ڈیڑھ سال سے جیلوں میں سڑرہے ہیں، کیپٹن صفدر نے ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگائے ،ان نعروں سے وفاقی حکومت کو کیا تکلیف ہوئی کہ موت کی دھمکی دینے کا مقدمہ کروادیا۔

سعید غنی نے کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملہ کی جامع انکوائری ہونا ضروری ہے،مجھے نہیں پتا رپورٹ پبلک ہوگی یا نہیں میری رائے میں ہونی چاہئے سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کی ہدایت دے، پنجاب کی گندم اسمگل ہو کر افغانستان چلی گئی تو اس کی سزا سندھ کو کیوں دینا چاہتے ہیں،میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار ہوئے تقریباً ایک سال ہوگیا ہے ان کا کیا جرم ہے۔

وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان تنازع کے حل کیلئے سب سے بہتر فورم مشترکہ مفادات کونسل ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو مشترکہ مفادات کونسل کو خط لکھنا چاہئے تھا، آرمی چیف اور صوبائی حکومت کی تحقیقاتی کمیٹیو ں کے بعد کسی تیسری کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔

تازہ ترین