• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کا آئی جی سندھ کے مبینہ اغواء پر اظہار تشویش

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے آئی جی سندھ کے مبینہ اغواء اور زبردستی کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کی خبروں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ،پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین عابد ساقی سپریم کورٹ بار کے صدر سید قلب حسن اورپاکستان بار کونسل کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ نے جمعرات کے روز مشترکہ بیان میں کہا کہ حیرت انگیز طور پر متعلقہ حلقوں کی جانب سے آئی جی کے مبینہ اغوا کے حوالے سے کوئی تردید سامنے نہیں آئی ہے ،تاہم حکومت سندھ نے بھی بڑے ٹیکنکل طریقے سے اس واقعہ کی تصدیق کردی ہے ، وکلاء برادری نے عملی طور پر اس بات کا مشاہدہ کیاہے کہ وفاقی حکومت ،سندھ حکومت کو نیچے لگانے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ،اور اسی وجہ سے اس کی جانب سے اس اقدام کی تردید کی جارہی ہے، اس گھٹیا اور غیر قانونی اقدام کا سہارا لیتے ہوئے ایک خاتون اپوزیشن لیڈر کی پرائیویسی کو بھی پامال کیا گیا ، پولیس کے کام میں ایسی ناقابل مثال مداخلت کی کوشش ایک جمہوری طریقے سے منتخب کی گئی حکومت کی سول اتھارٹی کو محکوم بنانے کی ایک واضح کوشش ہے ،جس کا مقصد سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا ہے جوکہ سخت قابل مذمت اقدام ہے، ایسے غیر قانونی اقدامات کو نہ روکا گیاتو یہ نہ صرف جمہوری نظام کے لئے خطرے کا باعث بنے گا بلکہ بلکہ آئین ،قانون کی حکمرانی اور عدالتی نظام میں بھی مداخلت کا بھی راستہ کھل جائے گا ،انہوں نے کہا ہے کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے ریاستی امور میں آئین پر عمل کرنے کی بجائے مذموم ہتھکنڈے استعمال کئے جاے رہے ہیں ، تمام ریاستی اداروں کو پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے آئین کے مطابق چلنا چاہیے ، صرف اسی صورت میں ہی ملک آگے بڑھ کر ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔

تازہ ترین