• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھوڑا صبر کرو، ملک طاقتور بنادوں گا، کمزوروں کو اوپر اٹھانا ہے، قانون کے سامنے سب برابر، یہ نہیں غریب جیل اور امیر لندن جائے، عمران خان

’تھوڑا صبر کرو، ملک طاقتور بنادوں گا‘


میانوالی(خبرایجنسی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تھوڑا صبر، ملک طاقتور بنادونگا، کمزوروں کو اوپر اٹھانا ہے، قانون کے سامنے سب برابر، یہ نہیں غریب جیل اور امیر لندن جائے،عوام کو آزاد اور خودمختار بنانا چاہتا ہوں، جو جرم کرے اسے سزا ملے، تھانوں میں کسی غریب پر ظلم نہ ہو،قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے نہیں تعلیم پر خرچ کرنے سے بنتی ہیں۔

بیرون ملک علاج کرانے والوں کو عوامی مسائل کا علم نہیں، عثمان بزدار کووزیراعلیٰ اس لیے بنایا کیوں کہ انہیں پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے طرز زندگی کا احساس ہے، ضلع میں نمل یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو زراعت پر تحقیق کر کےملک کی مدد کریگی۔ 

ہفتے کو وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کا دورہ کیا اور کیڈٹ کالج عیسیٰ خیل کے ہاسٹل کا افتتاح اور عیسیٰ خیل میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

بعدازاں وزیر اعظم نے کیڈٹ کالج کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ 24سال پہلے اس علاقے میں پھرتا رہا ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ اس علاقے کا ایک ہی مسئلہ تھا جو پانی کا تھا، آج جو ہم نے سوا تین ارب کی اسکیم کا اعلان کیا ہے جس میں سوائے دو یونین کونسل کے ساری یونین کونسل کو پانی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اسکولوں کا مسئلہ بہت بڑا تھا کیونکہ لڑکیوں کے اسکول ٹیچرز ہی نہیں تھے، اس وجہ سے نہ یہاں نرس ملتی تھی نہ لیڈی ڈاکٹرز نہ ہی ٹیچرز ملتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں جو پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ حل ہو جائیگا جبکہ لڑکیوں کے اسکول میں ٹیچرز کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے ہم عثمان بزدار کے ساتھ ملکر منصوبہ بنا رہے ہیں کہ کس طرح بچیوں کے اسکول میں ٹیچرز لانی ہیں اور بنیادی صحت کے مراکز کے ذریعے صحت کی ضروریات بھی پوری کرنی ہیں۔ 

عمران خان نے کہا کہ بہت سارے لوگ مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلیٰ بنایاکیونکہ میں نے میانوالی کے علاقے میں لوگوں کے حالات دیکھے تھے، جب تک کسی کو احساس نہ ہو کہ یہ پسماندہ علاقوں کے لوگ کیسے زندگی گزارتے ہیں، اس وقت تک وہ کیسے مدد کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا سب سے پسماندہ ضلع ڈی جی خان کا ہے، وہ میانوالی سے بھی پیچھے ہیں، وہاں بھی پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، ان کی بچیوں کیلئے بھی تعلیم نہیں ہے اور بچوں کو تعلیم کے لیے اسلام آباد یا لاہور میں جانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم ایسے ترقی نہیں کرتی کہ ایک شہر یا دو تین شہروں پر آپ سارا پیسہ خرچ کریں تو وہ آگے چلے جائیں اور باقی لوگ پیچھے رہ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے جس کا مطلب ہے کمزور کو اوپر اٹھانا ہے تاکہ کوئی بھی طاقتور اس پر ظلم نہ کر سکے۔

انہوں نے تقریب میں موجود آئی جی اور ایس پی کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تھانے میں کسی غریب یا کمزو پر ظلم نہ ہو۔

تازہ ترین