• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہورمیں نیا ہسپتال قائم کردیا ہے،عبدالرزاق ساجد

لندن (راجہ فیض سلطان) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ ہمارے ادارے نے مزنگ روڈ لاہور پر آنکھوں کے آپریشن کے لیے ایک نیا ہسپتال قائم کردیا ہے، جہاں غریب، نادار اور ضرورت مند افراد کا آپریشن اور ہر قسم کی آنکھوں سے متعلق بیماریوں کی تشخیص اور علاج مکمل طور پر مفت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اس ہسپتال میں آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود ہوگی، وہ لندن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ آنکھوں کے علاج سے متعلق دنیا بھر میں صورت حال خراب ہے ’’ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں2.2ارب انسان آنکھوں کی خرابی یا مکمل اندھے پن کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا اس رپورٹ کا یہ حصہ اور بھی قابل افسوس ہے جس کے مطابق اگر بروقت علاج کی سہولت مہیا ہوتی تو100کروڑ انسانوں کو اندھا ہونے سے بچایا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا عالمی ادارہ صحت کے ان اعداد و شمار میں یقیناً پاکستان کے وہ20لاکھ افراد بھی شامل ہیں جو اندھے پن کا شکار ہیں اور انہیں گلوکوما اور موتیا سمیت کئی دیگر آنکھوں کی بیماریاں لاحق ہیں، عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے30سے زیادہ شہروں میں آنکھوں سے متعلق بیماریوں اور آپریشن کی فری آف چارج سہولتیں اپنے کیمپوں میں مہیا کی ہیں، انہوں نے کہا رواں ماہ کے شروع میں ہماری اس کیمپ مہم کا افتتاح آزاد کشمیر کے شہر پلندری سے کیا گیا جس کا افتتاح صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کیا۔عبدالرزاق ساجد نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مزنگ روڈ لاہور پر قائم کردہ ہمارے اس آئی ہسپتال کا باضابطہ افتتاح13نومبر کو پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کریں گے اور اس موقع پر دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجود ہوں گی، انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہسپتال میں آنکھوں کے آپریشن سے پہلے مریض کا ہیپاٹائٹس ٹیسٹ، ذیابیطیس ٹیسٹ اور ایڈز ٹیسٹ بھی بالکل مفت کیا جاتا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال ہر مستحق فرد کے لیے چوبیس گھنٹے سروس کہیا کرے گا اور یہاں مریضوں کو بہترین صاف ستھرا ماحول اور تعاون کرنے والا عملہ مہیا ہوگا، امید ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے ہسپتال ملک کے دیگر شہروں میں بھی قائم کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کسی کی آنکھوں کی روشنی واپس لانا ایک عظیم فریضہ اور قابل قدر عبادت ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس کارخیر میں اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈال رہے ہیں، ہمیں اس کام کے لیے کسی صلے کی تمنا ہے نہ ستائش کی خواہش ہے، لیکن حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ انسانیت کی خدمت کرسکیں۔ 
تازہ ترین