• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجیم : کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے نئے اقدامات کا اعلان کردیا گیا

برسلز( حافظ انیب راشد ) بلجیم میں عالمی وبا کورونا وائرس سے گذشتہ 4 دن میں 12000 نئے مریض روزانہ سامنے آ رہے ہیں ۔ جس کے باعث بلجیم کے 10 میں سے 9 صوبوں میں صورتحال الارم لیول 4 تک جا پہنچی ہے ۔ دوسری جانب گذشتہ روز اس وائرس سے متاثر ہوکر 49 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 16 سے 22 اکتوبر کے درمیان بلجیم میں کورونا وائرس سے اموات کی اوسط شرح 35 سے زائد رہی ہے۔ ملک میں اس وقت ہر ایک لاکھ آبادی پر پازیٹیو افراد کی تعداد 1013 افراد ہے۔ 16 سے 22 اکتوبر کے دوران ہی 350 افراد روزانہ ہسپتال داخل ہوتے رہے ہیں جبکہ گذشتہ روز 496 نئے مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ۔ اس صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم الیگزینڈر دی کرو کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی نے اس پھیلاؤ کی راہ میں بند باندھنے کیلئے مزید نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس ہفتےملک بھر میں بار کیفے اور ریسٹورنٹس پہلے ہی سے بند ہیں ۔ نئے اقدامات کے تحت ہسپتالوں میں تمام کم ایمرجنسی کے آپریشن کم از کم ایک ماہ کیلئے منسوخ کر دیے گئے ہیں ۔ کھیل کیلئے ہر گھر سے ایک وقت میں ایک شخص حصہ لے گا۔ تمام کھیل تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ 12 سال کی عمر سے زائد ہر شخص سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں پہلے سے کم لوگ سوار ہوں گے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں تعلیم جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ہائر ایجوکیشن کیلئے کلاسوں میں ایک وقت میں 20 فیصد سے زائد طلبہ نہیں ہونگے ۔ جوکہ ماسک کے ساتھ شریک ہوں گے ۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بلا وجہ نقل و حرکت سے پرہیز کریں ۔ 
تازہ ترین