• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کے تعاون سے پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ اور روٹری پاکستان کے تحت میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کے تعاون سے پولیو سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا۔ 

اس سلسلے میں مختلف سرگرمیاں اور پروگرامات منعقد کیے گئے ۔صبح سویرے کلفٹن میں سائیکل ریلی اور واک کا انعقاد کیا گیا ۔سائیکلسٹس نے 20کلو میٹر کا سفر طے کیا ۔ ریلی میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی جبکہ واک میں بچوں ، خواتین ، بزرگوں اور جوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔ 

ریلی کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین نیشنل پولیو پلس کمیٹی اور ٹرسٹی روٹری پاکستان عزیز میمن کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران اور آج تک عوام پریشان ہیں کہ کورونا وائرس کی ویکسین نہیں اور اس بیماری سے کیسے بچا جائے لیکن جس بیماری کی ویکسین موجود ہے جو ساری زندگی کی معذوری سے بچا سکتی ہے اسے نہیں لگایا جاتا۔ 

جنگ گروپ کے شاہ رخ حسن نے کہا کہ یہ ایک قومی کاز ہے جس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، جس طرح حکومت نے کورونا کو ہینڈل کیا ہے اسی طرح ہم پولیو کو بھی کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کے ساتھ ہم پولیو وائرس کو بھی ملک سے نکال باہرکر یں گے ۔ 

اس موقع پر انہوں نے ای او سی پولیو سندھ ،عالمی ادارہ صحت ، روٹری پاکستان ، یونیسیف، عیسیٰ لیب اور سائیکلسٹ سمیت تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ پارلیمینٹری سیکریٹری ہیلتھ قاسم سومرو نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامات کو سپورٹ کرنے سے آگہی آتی ہے اس لئے آج یہاں آیا ہوں ۔ 

انہوں نےکہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پولیو کے خاتمے کے لئے بہت کام کیا ہے ۔ امید ہے بہت جلد ملک سے اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔ میڈیا اسپیشلسٹ ای او سی اور یونیسیف عابد حسن نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کا عزم لئے حکومت کی قیادت میں آج ایک جگہ پر تمام اسٹیک ہولڈرز موجود ہیں جن کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ 

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ پانچ سے کم عمر بچوں کو عمر بھر معذوری سے بچانے کے لئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اس کے کوئی نقصانات نہیں ہیں ۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے کور ٹیم ممبر ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ تمام تر کوششیں بروئے کار لاکر ہم پولیو سے نجات حاصل کر لیں گے لیکن اس کے لئے والدین کو بھی اپنی کمٹمنٹ دکھانی ہوگی۔ 

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلعی شرقی ڈاکٹر انیلہ قریشی نے کہا کہ پاکستان او ر افغانستان کے علاوہ یہ مرض پوری دنیا سے ختم ہوچکا ہے ۔ اب ہماری باری ہے کہ اس مرض کو سے ملک کو پاک کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھر گھر پولیو کے قطرے پلانے والوں کا احترام کریں ۔

عیسیٰ لیب کے سربراہ فرحان عیسیٰ نے کہا کہ بچوں کو اپائج ہونے سے بچانے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے ۔ والدین بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوتاہی نہ کریں اس سے نہ صرف ان کے بلکہ پورے ملک کے بچے ہمیشہ ہمیشہ کی معذوری سے بچ جائیں گے ۔ 

روٹری پاکستان کی اقرا سجاد نے کہا کہ بہت جلد ہم اس مرض سے نجات حاصل کر لیں گے بس والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔ پروگرام کے اختتام پر روٹری رکن اور سائیکلسٹ علی حفیظ ظفر نے تمام مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ 

اس موقع پر اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو روٹری کی جانب سے سرٹیفیکیٹس دیئے گئے ۔پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن پر دوسری بڑی سرگرمی بوٹ ریس تھی ۔ میرخلیل الرحمان فاؤنڈیشن، روٹری پاکستان اور ای او سندھ کے تحت جزیرہ بابا پر اپنی نوعیت کی پہلی بوٹ ریس منعقد کی گئی جس میں مختلف جزیروں کے نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔ 

منتظمین کے مطابق جزیزہ بابا پر گزشتہ 30 سال کے دوران پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کا بہت اہم کردار ہے جب ایک اہم پیغام ملک بھر میں پھیلا سکیں اگر اس جزیرے پر کیسز رک گئے ہیں تو پورے ملک میں محنت کرکے کیسز روک سکتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو جیسی مہلک بیماری کو ختم کرنے اور ملک کے بچوں کو صحت مند اور معذوری سے بچانے کے لئے میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کا کردار سب سے اعلیٰ اور عمدہ ہے ۔ شرکاء نے پولیو کے خلاف جنگ میں میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا ۔ بوٹ ریس میں پہلی پوزیشن عادل ،دوسری یوسف اورتیسری ثمیر نے حاصل کی ۔

دریں اثناء امارات پولیو مہم نےکورونا وائرس کے باوجود پولیو بحران کے نئے چیلنج پر قابو پایااور کورونا کے باوجود پاکستان میں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاہد النہیان نے پولیو کے خاتمے کیلئے 25کروڑڈالر سے زائد خرچ کرنے کاعزم کا اظہارکیا ہےاور امارات پولیو نے کوروناوبا سے محفوظ رہنے کیلئےآگاہی مہم بھی چلائی اور جولائی اگست میں صحت کے ورکرز نے لاکھوں ماسک اور سینٹائزر گھروں میں تقسیم کیے۔

امارات پولیو مہم کے مطابق پاکستان میں یو اے ای نے امارات پولیو مہم کے تحت جولائی سے ستمبر 2020کے دوران ایک کروڑ60لاکھ بچوں کو پولیو کے2کروڑ80لاکھ قطرے پلانے کا ہدف مکمل کیا ، امارات پولیو کمپین کی جانب سے بتایا گیا کہ کورونا کی وباء کے بعد امارات پولیومہم کے تحت دنیا کی پہلی پولیو ویکینیشن مکمل کی گئی۔

متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں امدادپروگرام کے تحت پولیو مہم صدرشیخ خلیفہ بن زاہد النہیان اور ولی عہد ابو ظہبی و ڈپٹی سپریم کمانڈریو اے ای افواج شیخ محمد بن زاہدالنہیان کی ہدایت پر 2014 میں شروع کی گئی ،پاکستان میں یہ مہم پولیو کےتدارک کےلیے پاک فوج ، وزارت قومی صحت، گلوبل پولیو ایجوکیشن ، صوبائی وزارت صحت کے تعاون کام کررہی ہے ۔

تازہ ترین