• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں فلاحی و سماجی خدمات بلاتفریق جاری ہیں‘ڈاکٹر مشتاق

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں فلاحی وسماجی خدمات بلاتفریق انجام دے رہی ہے‘ فاؤنڈیش کی جانب سے بلوچستان کے مریضوں کیلئے کوئٹہ میں جلد جدید معیاری ہسپتال بن جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کے اجلاس‘ بعد ازاں زیر تعمیر الخدمت ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے صوبے میں یتیموں ، بیواؤں ، طلباء اور مستحقین کی مدد و کفالت سمیت پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم و صحت کے پراجیکٹس چلارہے ہیں ۔ا نجینئر جمیل احمد کرد نے صوبے میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے ڈاکٹر مشتاق کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں فلاحی سماجی سرگرمیوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت غربت ، بے روزگاری و معاشی مسائل زیادہ ہیں ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کوشش کررہی ہے کہ دیگر فلاحی سماجی تنظیموں اور حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں جاری اسکیموں کے حوالے سے تعاون لیں اور مشترکہ پراجیکٹس شروع کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آسانی و ریلیف پہنچاسکیں صوبے کے دور درازاضلاع سمیت کوئٹہ میں یتیموں کی کفالت، بیواؤں، مساکین، مزدوروںاور دیہاڑی دار طبقات کی مددمیں بہتری لائیں گے۔
تازہ ترین