• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذا عوام الناس کو ”خبردار“ کیا جاتا ہے کہ آپ پر سونامی تحریک کی بلا شرکت ایرے غیرے ونتھو خیرے حکمرانی کرنے اور پانچ سال تک بلے سے آپ لوگوں کی ٹھکائی کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں فاضل ارباب سونامی کا ایک ہنگامی اجلاس آج مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ تبدیلی دہلیز سے آ لگی ہے اور سونامی کی بپھری لہریں گیارہ مئی کے دن تحریک کو اچھال کر مسند اقتدار پر بٹھا کر ہی تھمیں گی ۔ پس نتائج کابروقت اور صحیح ادراک کرتے ہوئے صدر مملکت ، وزیراعظم، گورنر صاحبان، وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے نام فائنل کردیئے گئے ، تاکہ اقتدار میں آ کر ان کاموں میں وقت ضائع نہ ہو اور بلا تاخیر وطن عزیز کے دامان صد چاک کی رفو گری اور مخالفین کا مکو ٹھپنے جیسے اعمال صالح بیک وقت شروع کئے جا سکیں ۔ اجلاس میں ووٹروں کے لئے یک سطری ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا کہ وہ صرف بلے پر مہر لگانے کی رسمی کارروائی مکمل کریں اور باقی کا کام ہم جانبازوں پر چھوڑ دیں ۔ المختصر! اجلاس ہذا میں ایسی ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی کہ جس کے طفیل اللہ نے چاہا تو بہت جلد مخالفین سونامی کی زد میں آ کر خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے اور مملکت خداداد کی گلیاں فقط”مرزا صاحبان“ اور دودھ اور شہد کی نہریں بہنے کے لئے کلی طور پر سنجیاں ہوجائیں گی ۔ آخر میں حضرت شیخ چلی دام برکاة کی روح کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔
منجانب: پی ٹی آئی
ووٹر ہوشیار باش
ہر گاہ غریب عوام کو خوشخبری سنائی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سونامی سکڑ کر ندی ہو چلی اور سابق حکمران جماعت اور اس کے اتحاد یوں کے اعمال بد اور ان کے خلاف بم دھماکوں کے کار خیر سے ان کے بھی گھر بیٹھ کر اللہ اللہ کرنے کے دن قریب ہیں ۔ حالات نے پی پی پی ، اے این پی اور ایم کیو ایم کے لیڈروں کو نادر موقع دیا ہے کہ وہ پانچ سال تک خدا سے لَو لگانے کے ساتھ ساتھ چارپائیوں کے ادوان کسنے جیسی صحت افزا ورزش سے لطف اندوز ہو سکیں ۔ ایسے خوشگوار اور دلفریب حالات میں داخلی و خارجی بادشاہ گر قوتیں اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ صرف وطن عزیز کی خالق جماعت (یعنی ہم خاکسار) ہی ملک کو بچا سکتی ہے ۔ دریں حالات عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بقائمی ہوش و حواس خمسہ ہمارے علاوہ کسی دوسری” واٹر کٹ پارٹی“ کو ووٹ دے کر اسے ضائع مت کریں ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اقتدار کی بہار آفریں رُت لوٹ کر آئے گی اور آپ کی محبوب قیادت ایک دفعہ پھر سرکاری محلات ( مراد سعودی عرب کے محلات ہر گز نہیں ) میں جلوہ افروز ہو گی ۔
المشتہر: پی ایم ایل (ن)
دھرنا ہوگا
”لانگ مارچ“ اور ”کنٹینر دھرنا“ کی باکس آفس پر بے مثال کامیابی کے بعد نظام بدلو ڈاٹ کام المعروف بے ڈھنگ پروڈکشن کی ایک اور فخریہ پیشکش …” کرپٹ نظام سے لڑنا ہوگا ، 11مئی کو دھرنا ہوگا“ …تمام برادران و ہمشیران ِملت سے استدعا ہے کہ وہ ووٹ پول کرنے جیسی بے وقعت سرگرمی کی بجائے دھرنے میں بھرپور شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں ۔ اگر قوم نظام بدلنے کی مساعی جمیلہ میں ثابت قدمی سے ہمارا ساتھ دے تو کچھ عجب نہیں کہ پردئہ غیب سے خلافت عثمانیہ کا پھر سے ظہو رہو جائے اور اللہ کا ”ایک“ نیک بندہ ملت اسلامیہ کی خدمت پر مامور ہو جائے ۔
والسلام: نظام بدلو ڈاٹ کام
مٹی پاؤ
ہر گاہ بذریعہ اشتہار ہذا عوام الناس سے اپیل ہے کہ ناقدروں کو باوردی منتخب کراتے کراتے ہم بصد شرمندگی مٹی ہو گئے ، لہٰذا براہِ کرم ”رات گئی ، بات گئی “ کا مقولہ پیش نظر رکھ کر ہماری سابقہ کارکردگی پر بھی مٹی ڈالیں ۔ نیز فرزندان وقت کی کسی نئی چراگاہ کی آبیاری کی بجائے ہمیں ہی ایک دفعہ پھر خدمت کا موقع عنایت فرمائیں ، تاکہ ہماری مشہور زمانہ تیز رفتار ترقی سے آرائش چمن میں جو کسر رہ گئی تھی ، اسے پورا کیا جا سکے ۔ علاوہ ازیں لوٹے بہن بھائیوں سے بھی التماس ہے کہ وہ بھی اب ”مٹی ڈالیں“ اور اپنی اپنی نشستیں جیت کر واپس اپنی پارٹی میں آ جائیں کہ بقول میاں محمد# سرکار
اُدھل گئیاں نوں داج نئیں لبھدے
شرماں والیاں نوں جُھوٹے ڈولیاں دے
المشتہر: پی ایم ایل (ق)
انتباہ عوام
ہر گاہ گناہ گار عوام کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ یہود و ہنود کی مکروہ سازشوں کی بنا پر جمہوریت کا وقفہ خاصا طویل ہو چکا۔ کسی ”مرد مومن“ کی راہ تکتے صالحین عظام کے دہانے خشک اور آنکھیں پتھرا گئیں ۔ اگر چہ معاشرے کو سدھارنے کے خود اختیاری فریضے کی انجام دہی پوری جانفشانی سے جاری ہے ، لیکن خالی پیٹ کب تک ؟ اندریں حالات عوام کے لئے صالحین کرام کا حکم ہے کہ اس دفعہ خبیث دل اور نجس دماغ لوگوں کو منتخب کرنے کی مشق رائیگاں ترک کر کے ہمیں اپنی نمائندگی کی بارگاہ میں داخل کریں ۔ بصورت دیگر عوام کو انتباہ کیا جاتا ہے کہ کسی ضیاء الحق یا پرویز مشرف کی راہ ہموار کرنے اور اس کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے کوئی آٹھویں یا سترہویں ترمیم اور ریفرنڈم منظور کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مردان جری کے بم دھماکوں کے طفیل اب مقابلہ تو ویسے ہی نیکو کاروں کے درمیان رہ گیا ہے اور صاف و شفاف انتخابات کے راستے میں کوئی بت ایستادہ نہیں رہا، لہٰذا ہمارے علاوہ کسی دوسری برائی کو منتخب کر کے تضیع اوقات مت کریں ورنہ بد نام زمانہ جمہوریت کا مغربی نظام لپیٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ۔ پس ! ہم نے اتمام حجت کر دیا ہے ، پھر نہ کہنا کہ خبر نہیں ہوئی ۔
الداعی الی الخیر: صالحین کرام ، اسلامی جمہوریہ پاکستان
گمنام اشتہار
میرے لذیذ ہم وطنو! السلام علیکم !
سکوتِ ” لشکری“ سمندر کی نیند ہوتا ہے
سکوں نہ جان، بظاہر جو اضطراب نہ ہو
پاکستان …پائندہ باد
منجانب: نام نہیں لکھا
تازہ ترین