• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہوں کی عدم فراہمی، کے ایم ڈی سی، عباسی اسپتال کے ڈاکٹرز کا احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز، ہائوس آفیسرز اور پوسٹ گریجوئٹس نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر بلدیہ عظمی کراچی کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج کیا، مظاہرین نے ایم اے جناح روڈ بلاک کرکے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی ،سڑک بلاک ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تاہم بلدیہ عظمی کراچی کے حکام کی مطالبات منظور کرنے اور ایک ہفتے میں تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ نو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں، بغیر تنخواہوں کے کام کررہے ہیں، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ احتجاج کیا جاچکا ہے، کورنا وارڈز میں بھی کام کیا لیکن رسک الاؤنس بھی نہیں دیا گیا، جب تک تنخواہ نہیں ملے گی ہم کام نہیں کریں گے، احتجاجی ڈاکٹرز نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی کو دفتر میں داخل ہونے سے روک دیا اور انکی کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا لیکن ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹرز سے ملے بغیر دفتر میں داخل ہوگئے جس کے بعد کے ایم سی آفس کے دروازے بند کردیئے گئے، جس پر مظاہرین نے احتجاجا ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا، بعد ازاں کے ایم سی حکام کی جانب سے ڈاکٹرز کے نمائندہ وفد کو مذاکرات کے لئے طلب کرلیا گیا جس پر مظاہرین نے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا، ڈاکٹرز اور میونسپل کمشنر عمار زیدی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں میونسپل کمشنر نے ڈاکٹرز کو ایک ہفتے میں مطالبات منظور کرنے اور تنخواہیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاجی ڈاکٹرز کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ایک ہفتے میں تنخواہیں نہیں ملیں تو دوبارہ احتجاج کریں گے ۔

تازہ ترین