کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ثقافت کی جانب سے ایک ہزار فنکاروں، ادیبوں اور شاعروں کی ہیلتھ انشورنس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فنکار جلد اپنی انشورنس سے فائدہ اٹھا سکیں گے، یہ فیصلہ وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید سردار علی شاہ کی صدارت میں ہونے والی مینجمنٹ بورڈ آف انڈومنٹ فنڈ کی میٹنگ میں کیا گیا، اس موقع پر وزیرثقافت سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ فنکار، کلاکار اور ادیب ہمارے معاشرے کے انتہائی اہم فرد ہیں، جن کی ہر طرح سے مدد کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنے کا مقصد فنکار، کلاکار اور ادیب معاشرے میں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھلائیں، اس لئے اب ہم سندھ بھر میں بھی یہ سسٹم لارہے ہیں، اس فیصلے سے فنکاروں کی عزت نفس مجروع نہیں ہوگی، اس موقع پر ایک انشورنس کمپنی سے بریفنگ بھی لی گئی اور محکمے کے سیکریٹری غلام اکبر لغاری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس سلسلے میں طریقہ کار کے ساتھ وصول ہونے والی درخواستوں کی چھان بین کرکے اپنی سفارشیں پیش کریگی، جس کا حتمی فیصلہ مینجمنٹ بورڈ کریگا، مینجمنٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد پہلے مرحلے میں ایک ہزار فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کی جائیگی، میٹنگ میں بورڈ کے ممبران سید احمد شاہ، طلعت حسین، ایوب کھوسو، شجاعت حسین، جی ایم پی ٹی وی، ڈاکٹر اسحاق سمیجو، محمد اسماعیل جتوئی، ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت علیم لاشاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔